آدھا پاکستان شدید زلزلے سے لرز اٹھا ،درجنو ں عمارتیں منہدم، 50 سے زائد افراد جاں بحق، 200زخمی ،ہنگامی حالت نافذ، زلزلے سے بلوچستان کا علاقہ آواران شدید متاثر، زلزلے کے باعث لباش گاﺅں میں لیویز کے کیمپ کو بھی نقصان پہنچا

منگل 24 ستمبر 2013 21:09

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24ستمبر۔2013ء) صوبہ سندھ، بلوچستان اور پنجاب کے مختلف شہروں میں زلزلے کے باعث 50 سے زائد افراد جاں بحق، 200 زخمی اور بہت سے لوگ ملبے تلے دب گئے ہیں ، امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں جن میں پاک فوج کے دستے بھی حصہ لے رہے ہیں تاہم ہلاکتوں میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں آواران اور گوادر میں کئی عمارتین منہدم ہوگئی ہیں منہدم، مواصلاتی نظام درہم برہم ہو گیا ہے جس سےامدادی کاموں میں شدید مشکلات کا سامنا ہے۔

منگل کی شام 4 بج کر 29 منٹ پر کراچی، حیدر آباد، لاڑکانہ، دادو ، مستونگ، پڈعیدن، ہنگورجہ، نوکنڈی، تفتان، سبی، پنجگور، نوشکی، قلات، نواب شاہ، ٹھٹہ، خیرپور، دولت پور اور کوئٹہ سمیت مختلف علاقوں میں زلزلے کے شدید جھٹکے محسوس کئے گئے اور لوگ کلمہ طیبہ کا ورد کرتے ہوئے گھروں اور دفاتر سے باہر نکل آئے۔

(جاری ہے)

ریکٹرسکیل پر اس کی شدت 7.8بتائی گئی ہے ۔

صوبہ بلوچستان میں آواران اور گوادر زلزلے سے سب زیادہ متاثر ہوئےہیں جہاں کئی مکانات منہدم ہو نے سے درجنوں افراد کی ہلاکت کی اطلاعات ہیں تاہم 50 سے زائد افراد جاں بحق اور 200زخمی ہو گئے ہیں جن کی تعداد میں اضافے کا خدشہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امدادی ٹیموں نے آواران میں ملبے تلے سے 10 افراد کی لاشیں نکال لی ہیں جبکہ گوادر کے علاقے میں بھی ایک مکان کے ملبے سے 2 افراد کی لاشیں نکالی ہیں ۔

تیرچھ کے علاقے میں ایک سکول کی عمارت گر نے سے 4 افراد جاں بحق اور 5 افراد زخمی ہو گئے ہیں، جاں بحق ہونے والوں میں 3 خواتین اور ایک بچہ بھی شامل ہے، مزید افراد کی تلاش کیلئے امدادی کارروائیاں جاری ہیں۔ متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی ہے اور صوبہ بھر سے امدادی ٹیمیں طلب کر لی گئی ہیں۔ بلوچستان اسمبلی کے ڈپٹی سپیکر میر عبدالقدوس بزنجو نے نجی ٹی وی چینل سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ زلزلے سے بلوچستان کے شہروں اور دیہات میں بے شمار گھر تباہ ہوئے ہیں جبکہ تیرچھ میں تقریباً ڈیڑھ لاکھ آبادی متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ آواران میں 30 سے زائد افراد جاں بحق اور بڑی تعداد میں زخمی ہیں جبکہ 40 فیصد گھر تباہ ہوئے ہیں۔ لیویز ذرائع کے مطابق زلزلے کے باعث لباش گاﺅں میں لیویز کے کیمپ کو بھی نقصان پہنچا ہے۔ امریکی جیولوجیکل سروے کے مطابق ریکٹر سکیل پر زلزلے کی شدت 7.8 ریکارڈ کی گئی ہے جبکہ اس کا مرکز خضدار سے 120 کلومیٹر دور مرکز تھا اور گہرائی 10 کلومیٹر زیر زمین تھی۔ دوسری جانب محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ زلزلے کی شدت 7.7 اور مرکز بلوچستان کا علاقہ خضدار ہے جبکہ اس کی گہرائی 10 کلومیٹر تھی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق پاکستان کے علاوہ بھارت کے شمالی علاقوں میں بھی زلزلے کے جھٹکے محسوس کئے گئے ہیں۔

متعلقہ عنوان :