اسلام دنیا بھر میں دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے، مفتی اعظم، کائنات میں کوئی بھی اللہ کی مدد کے بغیر کسی کی مدد نہیں کرسکتا، مسلمان تمام باطنی برائیوں سے بچیں، اسلام کے اقتصادی نظام کواپنایا جائے تودنیاسے معاشی بحران ختم ہوجائیں گے، خطبہ ٴ حج

پیر 14 اکتوبر 2013 15:17

میدانِ عرفات(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 14اکتوبر 2013ء) مفتی اعظم سعودی عرب شیخ عبدالعزیز نے کہا ہے کہ اسلام امن پسند مذہب ہے اور امن کی بات کرتا ہے اور دنیا بھرمیں ہونے والی دہشت گردی کی مذمت کرتا ہے،آج عظیم الشان دن ہے،اللہ سے ڈرنا چاہیے،کائنات میں کوئی بھی اللہ کی مدد کے بغیر کسی کی مدد نہیں کرسکتا۔مسجد نمرہ میں خطبہ ٴ حج کے دوران انہوں نے کہا کہ انسان کو اپنے رب کے احکامات پر عملدرآمد کرنا چاہیے، امت محمدی تمام امتوں میں افضل ہے۔

(جاری ہے)

مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ مسلمان تمام باطنی برائیوں سے بچیں، ہمیں حضور صلی اللہ علیہ وسلم کی سنت کی پیروی کا حکم دیا گیا ہے، شریعت محمدی نے سابقہ شریعتوں کی تصدیق کی،حضور صلی اللہ علیہ وسلم کو آخری نبی بناکربھیجا گیا، حضور صلی اللہ علیہ وسلم اللہ کے بندے اوررسول ہیں۔مفتی اعظم کا کہنا تھا کہ برائیوں کی وجہ سے انسان اللہ کی بارگاہ سے دورہوجاتا ہے، ہمیں اللہ کی گرفت سے ڈرنا چاہیے، مسلمانوں کو امن پسندی کا مظاہرہ کرنا چاہیے، اسلام کے اقتصادی نظام کواپنایا جائے تودنیاسے معاشی بحران ختم ہوجائیں گے، اللہ نے مسلمانوں کو ایک دوسرے کے حقوق ادا کرنے کاپابند کیا ہے۔