ایبٹ آباد آپریشن اور ڈاکٹر شکیل آفریدی کی وجہ سے پولیو مہم کو نقصان پہنچا ہے ، سائرہ افضل تارڑ

جمعہ 20 دسمبر 2013 16:03

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 20دسمبر 2013ء) وزیر مملکت قومی صحت و خدمات سائرہ افضل تارڑ نے کہا ہے کہ ایبٹ آباد آپریشن اور ڈاکٹر شکیل آفریدی کی وجہ سے پولیو مہم کو نقصان پہنچا ہے ، ملک کو پولیو سے پاک کر نے کیلئے اراکین اسمبلی کو بھی کر دار ادا کر نا چاہیے ، وزیراعظم ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس جنوری میں ہو گا ،امید ہے رواں پولیو وائرس پر قابو پالینگے توجہ دلاؤ نوٹس کے جواب میں وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہاکہ پنجاب میں 99 فیصد کامیابی سے پولیو مہم چلائی گئی اصل مسئلہ پشاور، فاٹا، وزیرستان اور کراچی میں گڈاپ کا علاقہ ہے۔

(جاری ہے)

وزیراعظم ٹاسک فورس کا آئندہ اجلاس جنوری میں ہو گا، وزیراعظم نے عائشہ رضا کو فوکل پرسن تعینات کیا ہے۔ ہم ان اقدامات کے نتیجے میں ایک سال میں پولیو وائرس پر قابو پا لیں گے وزیر مملکت سائرہ افضل تارڑ نے کہا کہ ایک طرف ڈرون حملوں نے ہماری نسلوں کو تباہ کر دیا ہے اور دوسری طرف پولیو کے قطرے نہ پلانے سے ہماری نسلیں پولیو کا شکار ہونگی۔ انہوں نے کہا کہ تمام ارکان پارلیمنٹ کو اس حوالے میں کاوشیں کرناہونگی۔