ہری پور، این اے19کی ووٹنگ کیلئےقائم پولنگ اسٹیشن کےقریب فائرنگ سےایک شخص جاں بحق، پولیس اہلکارزخمی

بدھ 29 جنوری 2014 12:37

ہری پور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 29 جنوری 2014ء) کھلا بٹ سیکٹر ون میں قومی اسبملی کے حلقے این اے 19 میں ووٹنگ کے لئے قائم پولنگ اسٹیشن کے قریب فائرنگ سے ایک شخص جاں بحق جب کہ ایک پولیس اہلکار زخمی ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق ہری پور میں قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 کے 7 پولنگ اسٹیشنوں پر پولنگ جاری تھی کہ موٹر سائیکل پر نامعلوم افراد نے کھلا بٹ سیکٹر ون چاندنی چوک کے قریب فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں ایک شخص جاں بحق ہو گیا، چاندنی چوک پر ڈیوٹی پر موجود ٹریفک پولیس اہلکار خرم نے حملہ آوروں کا پیچھا کیا تو ملزمان نے پولیس اہلکار پر بھی فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں وہ بھی شدید زخمی ہو گیا جسے فوری طور پر قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

فائرنگ کے واقعے کے بعد علاقے کے لوگوں میں خوف ہراس پیدا ہو گیا ہے۔

(جاری ہے)

پولیس حکام کا کہنا ہے کے واقعے کے بعد علاقے کا محاصرہ کر کے ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جا رہے ہیں جب کہ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ حملہ آور حلیے سے افغانی معلوم ہوتے تھے اور جاں بحق ہونے والا شخص بھی افغانی ہے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی کے حلقے این اے 19 ہری پور میں پاکستان مسلم لیگ ن کے امیدوار عمر ایوب کی درخواست پر نے 7حلقوں میں دوبارہ پولنگ کی درخواست کی گئی تھی جب کہ پاکستان تحریک انصاف کے کامیاب امیدوار راجہ عامر کی جانب سے ایڈووکیٹ حامد خان نے سپریم کورٹ میں ان پولنگ اسٹیشنز پر پولنگ روکنے کی استدعا کی تھی۔

متعلقہ عنوان :