ڈالر کی قدر میں غیر معمولی کمی کے بعد سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار سے زیادہ شیخ رشید کے چرچے،ڈالر کی قیمت 98روپے ہونے کی صورت میں عوامی لیگ کے سربراہ کا اسمبلی نشست سے مستعفی ہونے کا اعلان زیر بحث، انٹرویوز کے وڈیو کلپ بھی پھر سے اپ لوڈ کر دیئے گئے، ”جوں جوں ڈالر کی قیمت نیچے آرہی ہے شیخ رشید کے دل کی دھڑکن تیز ہوتی جارہی ہے“ ”شیخ صاحب سارے کام چھوڑ کر ڈالر کی قیمت پر نظر رکھے ہوئے ہیں“” استعفیٰ دیں گے یا نہیں۔۔ مسودہ کیا ہوگا “صارفین کے تبصرے، این اے 55 سے قومی اسمبلی کے ممکنہ امیدواروں کے حوالے سے بھی بحث شروع کر دی گئی

منگل 11 مارچ 2014 18:34

ڈالر کی قدر میں غیر معمولی کمی کے بعد سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار سے زیادہ ..

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11مارچ۔2014ء) مارکیٹ میں روپے کے مقابلے میں امریکی ڈالر کی قدر میں غیر معمولی کمی کے بعد سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار سے زیادہ شیخ رشید کے چرچے ہیں۔سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر یہ بحث جاری ہے کہ شیخ رشید ڈالر کی قیمت 98روپے ہونے پر وعدے کے مطابق استعفےٰ دیتے ہیں یا نہیں۔ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید احمد نے کچھ عرصہ قبل مختلف ٹی وی انٹرویوز کے دوران یہ اعلان کیا تھا کہ اگر حکمران ڈالر کی قیمت 98روپے تک لانے میں کامیاب ہو گئے تو میں قومی اسمبلی کی نشست سے استعفیٰ دیدوں گا۔

حالیہ دنوں میں روپے کے مقابلہ میں ڈالر کی تیزی سے گرتی ہوئی قدر کی وجہ سے سوشل میڈیا پر اسحاق ڈار سے زیادہ شیخ رشید کا مذکورہ اعلان زیر بحث ہے، فیس بک اور ٹوئٹر پر شیخ رشید کے انٹرویوز کے وڈیو کلپ بھی پھر سے اپ لوڈ کر دیئے گئے ہیں، اگرچہ اکثر صارفین توصرف یہ سوال پوچھ رہے ہیں کہ عوامی مسلم لیگ کے سربراہ وعدے کے مطابق استعفےٰ دیں گے یا نہیں۔

(جاری ہے)

جبکہ بعض صارفین اس بارے میں دلچسپ تبصرے بھی کر رہے ہیں، ایک تبصرے میں کہا گیا کہ جوں جوں ڈالر کی قیمت نیچے آرہی ہے شیخ رشید احمد کے دل کی دھڑکن اسی حساب سے تیز ہوتی جارہی ہے، ایک تبصرے میں ڈالر کی قیمت میں کمی کو شیخ رشید کیلئے ڈرون قرار دیا گیا ایک اور صارف نے لکھا کہ شیخ صاحب سارے کام چھوڑ کر ڈالر کی قیمت پر نظر رکھے ہوئے ہیں سوشل میڈیا کے ایک صارف نے یہ دلچسپ سوال پوچھا ہے کہ شیخ رشید کے استعفے کا مسودہ کیا ہوگا؟ بعض صارفین نے ایک قدم آگے بڑھتے ہوئے این اے 55راولپنڈی سے قومی اسمبلی کے ممکنہ امیدواروں کے حوالے سے بھی بحث شروع کر دی ہے۔