کراچی، ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے کارکنوں میں لڑائی، تین زخمی

ہفتہ 24 مئی 2014 23:14

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔24مئی۔2014ء) کراچی کے علاقے ناظم آباد میں ایم کیو ایم اور جماعت اسلامی کے کارکن لڑ پڑے ، ڈنڈوں کے وار سے تین افراد زخمی ہو گئے ، پولیس کی ہوائی فائرنگ کے بعد حالات میں قابو میں آ گئے۔ناظم آباد فائیو سٹار چورنگی پر ایم کیو ایم کے کارکنوں کی جانب سے ریلی نکالی گئی۔اس دوران جماعت اسلامی کے کارکن بھی سراج الحق کے استقبال کے لیے ائیرپورٹ جاتے ہوئے وہاں پہنچ گئے ۔

آمنے سامنے آنے پر پہلے نعرے لگے پھر تلخ کلامی اور پھر بعد میں نوبت ہاتھا پائی تک جا پہنچی۔

(جاری ہے)

لاتوں گھونسوں ، مکوں سے دل نہ بھرا تو ڈنڈے اٹھائے کارکن مخالفین پر ٹوٹ پڑے تاک تاک کر ڈنڈوں سے ایسی کاری ضربیں لگائیں کہ 3 کارکن زخمی ہو گئے۔ پولیس اہلکاروں اور علاقے میں موجود سیکورٹی گارڈز نے ہوائی فائرنگ کر کے دونوں سیاسی جماعتوں کے کارکنوں کو تتر بتر کیا۔ایم کیو ایم نے واقعے کی مذمت کی ہے ، رؤف صدیقی نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیو ایم کی ریلی پہلے سے طے شدہ تھی ۔ حملہ کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر درج کرائیں گے ۔ فائیو سٹار چورنگی پر حالات معمول پر آنے کے بعد الطاف حسین سے اظہار یک جہتی کیلئے جلسہ کیا گیا۔