الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا۔ سندھ کے مختلف شہروں‌ میں‌ شدید کشیدگی

منگل 3 جون 2014 13:41

الطاف حسین کو لندن میں گرفتار کر لیا گیا۔ سندھ کے مختلف شہروں‌ میں‌ ..

لندن(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 3جون 2014ء) متحدہ قومی موومنٹ(ایم کیو ایم) کے قائد الطاف حسین کو لندن میں منی لانڈرنگ کے مقدمے میں گرفتار کر لیا گیا ہے۔ الطاف حسین کو نارتھ ویسٹ کے ایک گھر سے گرفتار کیا گیا، ایم کیو ایم کے قائد کو لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے گرفتار کیا جہاں ان پر منی لانڈرنگ کے الزامات تھے۔ منی لانڈرنگ کیس کی تحقیقات گزشتہ ڈیڑھ سال سے کی جا رہی تھیں۔

الطاف حسین کی گرفتاری کی خبر ذرائع ابلاغ پر نشر ہونے کے ساتھ ہی شہر کے مختلف علاقوں میں دکانیں بند ہونا شروع اور کشیدگی کی اطلاعات بھی موصول ہوئی ہیں۔ دوسری طرف خبر کے نشر ہونے کے ساتھ ہی کراچی اسٹاک ایکسچینج میں شدید مندی کی صورتحال دیھی گئی اور انڈیکس یکدم 800 پوائنٹس تک نیچے گر گیا۔

(جاری ہے)

یاد رہے کہ گزشتہ سال برطانوی ٹیلیویژن بی بی سی 2 کے پروگرام نیوز نائٹ میں انکشاف کیا گیا تھا الطاف حسین کے خلاف منی لانڈرنگ اور تشدد پر بھڑکانے کی تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

تاہم ایم کیو ایم کے رہنما اور سینیٹر فروغ نسیم نے اس پیشرفت کی نفی کرتے ہوئے کہا کہ میں تصدیق کررہا ہوں کہ الطاف حسین کو گرفتار نہیں کیا گیا، اسکاٹ لینڈ یارڈ نےکہا ہےکہ وہ الطاف حسین کا بیان لینا چاہتے ہیں۔ واضح رہے کہ ڈاکٹر عمران فاروق کے قتل کی تحقیقات کے سلسلے میں انسداد دہشت گردی کے یونٹ نے الطاف حسین کے دفتر پر دو سال قبل چھ دسمبر کو پولیس اینڈ کرمنل ایویڈنس ایکٹ کے تحت چھاپہ مارا تھا جہاں ان کے دوران دفتر سے نقد رقم برآمد ہوئی تھی۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ رقم پروسیڈ آف کرائم ایکٹ کے تحت قبضے میں لی گئی تھی۔ اس کے بعد 18 جون 2013 کو شمالی لندن کے دو مکانات پر بھی چھاپہ مارا گیا تھا کہ اور موقع پر بھی بھاری رقم قبضے میں لی گئی۔