کراچی ایئر پورٹ حملے میں اے ایس ایف کے شہید سب انسپکٹر طارق مسعود کے ورثاء کو دس لاکھ کا چیک، آشیانہ ہاؤسنگ سکیم فیصل آباد میں گھر کے کاغذات پیش، شہید کے تین بچوں کیلئے مفت تعلیم ‘ اہلخانہ کیلئے سرکاری ہسپتال میں فری علاج معالجہ ‘ طارق مسعود شہید سپورٹس سٹیڈیم اور ان کی رہائش گاہ کے قریب چوک کو طارق مسعود شہید چوک کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان

اتوار 15 جون 2014 21:28

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15جون۔2014ء) وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کی طرف سے صوبائی وزیر بلدیات و قانون رانا ثناء الله خاں نے کراچی ایئر پورٹ پر دہشت گردی کے افسوسناک واقعہ میں اے ایس ایف کے شہید سب انسپکٹر طارق مسعود کے ورثاء کو دس لاکھ روپے مالیت کا چیک اور آشیانہ ہاؤسنگ سکیم فیصل آباد میں گھر کے کاغذات پیش کئے جبکہ شہید کے تین بچوں کے لئے مفت تعلیم ‘ اہلخانہ کے لئے سرکاری ہسپتال میں فری علاج معالجہ ‘ گاؤں میں بوائز سکول سے متصل چار ایکٹر اراضی پر طارق مسعود شہید سپورٹس سٹیڈیم بنانے اور ضلعی انتظامیہ کی طرف سے ان کی رہائش گاہ کے قریب چوک کو طارق مسعود شہید چوک کے نام سے منسوب کرنے کا بھی اعلان کیا ۔

اس سلسلے میں صوبائی وزیر چک نمبر 61 ر ب تھانہ بلوچنی شیخوپورہ روڈ پر شہید کے گاؤں پہنچے اور وہاں گرلز ہائی سکول میں منعقدہ تقریب کے دوران شہید سب انسپکٹر مسعود کے اہلخانہ سے اظہار یکجہتی کیا ۔

(جاری ہے)

رکن قومی اسمبلی کرنل غلام رسول ساہی ‘ ارکان صوبائی اسمبلی رانا شعیب ادریس ‘ رائے عثمان کھرل ‘ آر پی او محمد نواز وڑائچ ‘ ڈی سی او نور الامین مینگل ‘ سی پی او ڈاکٹر حیدر اشرف ‘ مسلم لیگی رہنما رانا احمد شہر یار‘ شہید طارق مسعود کے اہلخانہ اور اہل علاقہ بڑی تعداد میں موجود تھے ۔

صوبائی وزیر بلدیات و قانون نے طارق مسعود شہید کے اہل خانہ سے گہری ہمدردی کا اظہار کیا اور شہید کی روح کے ایصال ثواب کے لئے فاتحہ خوانی کی ۔ انہوں نے کہا کہ سب انسپکٹر نے جواں مردی کے ساتھ دہشت گردوں کا مقابلہ کرتے ہوئے جام شہادت نوش کیا وہ ان کی بہادری اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں اور پوری قوم کو ان پر فخر ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شہید نے وطن اور قوم کی خاطر اپنی جان قربان کر دی وہ ہمارے ہیرو ہیں جن کی خدمات کو کبھی فراموش نہیں کیا جا سکتا ۔

ایم این اے کرنل غلام رسول ساہی نے شہید کی جرات اور بہادری کو خراج تحسین پیش کیا اور پسماندگان کے لئے صبر جمیل کی دعا کی ۔ شہید کے بھائی عابد علی نے مالی امداد پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا شکریہ ادا کیا۔اس موقع پر وزیر اعلی پنجاب محمد شہباز شریف کا پیغام بھی پڑھ کر سنایا گیا جس میں ان کی طرف سے شہید کے اہلخانہ سے اظہار ہمدردی اور بھر پور تعاون کا یقین دلایا گیا۔