کراچی انسٹیٹیوٹ برائے امراض قلب کی او پی ڈی میں ادویات بارے آگاہی کے لیے مفت سروس کا آغاز کردیا گیا

جمعہ 4 جولائی 2014 17:31

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 4جولائی 2014ء ) بلدیہ عظمیٰ کراچی کے زیر انتظام کراچی انسٹیٹیوٹ برائے امراض قلب کے او پی ڈی میں آنے والے مریضوں کو دی جانے والی ادویات کے بارے میں مکمل آگاہی دینے کے لئے مفت سروس کا آغاز کردیا گیا ہے جس پر مریضوں نے اپنی خوشی اور اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے اس سروس کو اپنے لئے ایک تحفہ قرار دیا ہے ، تفصیلات کے مطابق ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی کی ہدایت پر پرنسپل کراچی میڈیکل اینڈ ڈینٹل کراچی وقار حسین کاظمی کی سربراہی میں قائم کئے گئے ڈرگ اینڈ پوائزن انفارمیشن سینٹر کی جانب سے کراچی انسٹیٹیوٹ برائے امراض قلب میں اوپی ڈی مریضوں کے لئے ان کے نسخہ میں موجود دواؤں کے بارے میں مکمل آگاہی دینے کے لئے فری سروس کا باضابطہ آغاز کردیا گیا ہے جہاں او پی ڈی کے اوقات میں آنے والے مریضوں کو ڈاکٹر سے چیک اپ کے بعد قابل اور تربیت یافتہ فارماسسٹ مریضوں کو ان کی دواؤں کے بارے میں مکمل طور پر آگاہی فراہم کرتے ہیں کہ نسخہ میں موجود دواؤں کو کب، کیسے اورکب تک استعمال کرنی ہے۔

(جاری ہے)

دواؤں کو صحیح اوقات میں لینے کی افادیت، غذائی پرہیز اور طویل المیعاد ادویات کے استعمال سے پیدا ہونے والی پیچیدگیوں کے بارے میں بھی مکمل رہنمائی دی جاتی ہے۔ اگر کسی دوا کے بہت مہنگے ہونے کی صورت میں مریض وہ دوا لینے سے قاصر ہے تو اسی وقت ڈیوٹی پر موجود فارما سسٹ ڈاکٹر سے مشورہ کرکے اس کا متبادل تجویز کرتے ہیں۔اس سروس سے نہ صرف اوپی ڈی ڈاکٹرز اور کنسلٹنٹ کو سپورٹ ملتی ہے جو کہ مریضوں کی تعداد کی زیادتی کی وجہ سے بعض اوقات مریض کو زیادہ ٹائم نہیں دے پاتے بلکہ مریضوں کو بھی بہت سپورٹ ملی ہے کہ مریضوں کو ان کی دواؤں کے بارے میں مکمل آگاہی مل جائے انہیں تفصیل سے ایک ایک دوا کے بارے میں سمجھایا جاتا ہے اور ان تمام مریضوں کے ڈیٹا کو ریکارڈ کیا جاتا ہے اس سروس کا ایک اور اہم پہلو مہینے میں ایک دفعہ فون کال کے ذریعے مریض کا فالو اپ کیا جاتا ہے جس میں ڈرگ اینڈ پوائزن سینٹر کا نمائندہ فارماسسٹ کال کرکے مریض سے دریافت کرتا ہے کہ وہ ادویات جو ڈاکٹر نے تجویز کی ہیں ان سے مریض کو فائدہ ہو رہا ہے یا نہیں اور مریض کو کہیں ان ادویات کو لینے میں کسی مشکل کا سامنا تو نہیں کرنا پڑ رہا۔

اس نوعیت کی منفرد سروس پاکستان کے بڑے پرائیویٹ اسپتالوں میں بھی میسر نہیں ہے، بلدیہ عظمیٰ کراچی کی جانب سے کراچی کے مریضوں کے لئے اس سروس کا آغاز ایک تحفہ ہے یہ سروس جلد عباسی شہید اسپتال میں بھی شروع ہونے جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :