بھارت میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی خوش آئند ہے، صارم برنی

پیر 7 جولائی 2014 20:28

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 7جولائی 2014ء) حقوق انسانی کی تنظیم صارم ویلفےئر ٹرسٹ انٹر نیشنل نے بھارت میں قید پاکستانیوں کی وطن واپسی کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی اور منسٹری آف فارن افےئرز جس طرح پاکستانی قیدیوں کی وطن واپسی کے لئے کوششیں کررہے ہیں وہ قابل تحسین ہیں ۔ صارم برنی نے کہا کہ ٹرسٹ اس سلسلے میں پاکستانی ہائی کمیشن نیو دہلی اور منسٹری آف فان افئیرز کا خصوصی شکریہ ادا کرتا ہے جن کی کوششوں کے بدولت پاکستانی قیدیوں کی رہائی کو ممکن بنایا جارہا ہے اور ہم امید کرتے ہیں کہ متعلقہ حکام کا تعاون صارم برنی ٹرسٹ کے ساتھ بھی رہے گا تاکہ جتنے بھی بے گناہ قیدی جو وہاں قید بند کی صعوبتیں برداشت کر رہے ہیں ان کی وطن واپسی کے عمل کو تیز کیا جا سکے ۔

(جاری ہے)

صارم برنی نے کہا کے اگر دونوں ممالک ایک دوسرے کے قیدیوں کو رہا کرکے انہیں ان کے وطن واپس بھیجتے رہیں تو وہ دن دور نہیں جب تمام قیدیوں کا مسئلہ حل ہوجائے گا اور عرصہ دراز سے اپنے ناکردہ جرموں کی سزا کاٹنے والے دونوں ممالک میں قید بے گناہ قیدیوں کو آزادی کا سورج دیکھنا نصیب ہوگا اور سالوں سے اپنے پیاروں کا انتظار کرتے ان کے گھر والوں کو نئی زندگی ملے گی ۔

صارم برنی نے کہا کہ صارم برنی ٹرسٹ انسانیت اور انسانی حقوق کے وسیع تر مفاد میں بھارتی حکومت سے اپیل کرتا ہے کہ بھارت میں قید ویزہ ٹیمپرنگ اور دیگرمعمولی جرائم میں ملوث پاکستانیوں کے کیسز پر بھی نظرِ ثانی کی جائے اور ان کا مسئلہ جلدحل کیا جائے اورایسے تمام پاکستانی جو مختلف جرائم میں اپنی سزائیں پوری کرچکے ہیں اس کے باوجود جیلوں میں سڑ رہے ہیں انہیں جلد رہا کرکے وطن واپس بھیجا جائے۔

صارم برنی نے کہا کہ ٹرسٹ اس سلسلے میں اپنی خدمات پیش کرتا آیا ہے اورآئندہ بھی ٹرسٹ کے حوالے سے جو ممکن مدد ہوگی وہ کرے گا ٹرسٹ میں جتنی درخواستیں موصول ہوتی ہیں وہ سب ہم حکومت کو فراہم کرتے ہیں تاکہ بے گناہ پاکستانیوں کی وطن واپسی کا عمل تیز ہوسکے اور ایسے ہی لوگوں کو وطن واپس لاکر ان کے خاندانوں کوجو خوشی ہم فراہم کرینگے وہ خوشی شایدان کے لئے دنیا کی سب سے بڑی خوشی ہوگی۔

متعلقہ عنوان :