رمضان بازاروں میں اشیاء کی گھٹیا کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جو، راجہ اشفاق سرور ،جوسٹال ہولڈر ناقص اشیاء کو شامل کر کے فروخت کرے گا اس کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے ،صوبائی وزیر محنت پنجاب

جمعہ 11 جولائی 2014 18:23

فیصل آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11جولائی۔2014ء) صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے خبردار کیا کہ رمضان بازاروں میں اشیاء کی گھٹیا کوالٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائیگا جوسٹال ہولڈر ناقص اشیاء کو شامل کر کے فروخت کرے گا اس کے خلاف سخت ایکشن ہونا چاہیے اور آئندہ وہ رمضان بازار میں نظر نہ آئے۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کی ہدایات پر منعقدکئے گئے سستے رمضان بازاروں کو عوام کے لیے زیادہ سے زیادہ فائدہ مند بنانے پر گہری توجہ ہے اور ان بازاروں میں ارزاں نرخوں پر اعلیٰ معیار کی اشیاء کی فروخت کا اگر ہم دعوی کرتے ہیں تو اس پر کماحقہ پورا بھی اتریں گے، انہوں نے اشیائے ضروریہ کے معیار ار نرخوں کو چیک کرنے کے لیے سستے رمضان بازاروں کااچانک دورہ کیا۔

(جاری ہے)

وہ ڈی ٹائپ کالونی سمندری روڈ، سمن آباد اور ماڈل بازار جھنگ روڈ کے ڈیلی رمضان بازاروں میں گئے اور سبزیوں، پھلوں، گوشت اور دالوں کے سٹالز پر ایک ایک چیز کا معیار چیک کیا، صوبائی وزیر محنت نے کہا کہ عام مارکیٹ میں بھی اشیاء کی قیمتیں کنٹرول میں رکھنا ہماری ذمہ داری اور ترجیح ہے جس کے لیے پرائس کنٹرول مجسٹریٹس گرانفروشی اور ذخیرہ اندوزی کے خلاف کارروائی کے لیے سرگرم عمل ہیں اور صوبہ بھر میں فوڈ سٹف اینڈ پرائس کنٹرول ایکٹ اور دیگر قوانین پر عملدرآمد کو یقینی بنایا جارہا ہے۔

صوبائی وزیر محنت راجہ اشفاق سرور نے سستے رمضان بازاروں میں عوامی سہولت کے لیے انتظامات کو سراہتے ہوئے کہا کہ بہتری کی گنجائش ہمیشہ موجود ہوتی ہے لہذا ڈیوٹی سٹاف اپنے فرائض میں کوتاہی نہ کرے۔

متعلقہ عنوان :