کراچی ،وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد بھتہ خورون کے خلاف کارروائی میں تیزی

ہفتہ 12 جولائی 2014 17:14

کراچی ،وزیر اعظم کی ہدایت کے بعد بھتہ خورون کے خلاف کارروائی میں تیزی

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 12جولائی 2014ء ) وزیر اعظم نواز شریف کی جانب سے ہدایت ملنے کے بعد کراچی میں پولیس اور رینجرز نے بھتہ خوروں کیخلاف کارروائی تیز کردی ، زکوٰةاور فطرہ کے نام پر بھتہ وصول کرنیوالوں کی گرفتاریاں ، پکڑے جانیوالوں میں ایم کیو ایم کے عہدیدار اور کارکنان بھی شامل ہیں ، بلا جواز گرفتاریوں کیخلاف الطاف حسین کو کور کمانڈر اور کراچی سے رابطہ، بے گناہ افراد کی گرفتاریوں کوفوری بند کرانے کا مطالبہ، تفصیلات کے مطابق دو روز قبل وزیر اعظم نے گورنر ہاوٴس کراچی میں امن و امان سے متعلق اجلاس کے دوران تاجر برادری کی شکایت پر بھتہ خوروں کیخلاف سخت آپریشن کرنے کا حکم دیا تھا جس پر عملدر آمد شروع کردیا گیا ہے،ہفتہ کی صبح رینجرز کا اولڈ سٹی ایریا ، گارڈن ، رامسوامی، رنچھوڑلائن، نیو کراچی میں سرچ آپریشن ،متحدہ کے یونٹ انچارج اور 6کارکنوں سمیت 12افراد کو گرفتار کرلیا، زکوٰة فطرہ کی پرچیاں بر آمد کرلی گئیں ، رینجرز کی بھاری نفری نے اولڈ سٹی ایریا کے مختلف علاقوں گارڈن ، رامسوامی، رنچھوڑ لائن، برنس روڈ ، کھاراد میں ٹارگٹڈ کارروائی کرکے متحدہ کے 6کارکنوں سمیت 11افراد کو حراست میں لے لیا اور تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا جبکہ رینجرز نے دوسری کارروائی میں نیو کراچی سیکٹر5/Dسے متحدہ کے یونیٹ، 1-140کے یونٹ انچارج حیدر بیگ کو گرفتار کر کے تفتیش کیلئے نا معلوم مقام پر منتقل کر دیا .

واقعے کی اطلاع ملنے کے بعد متحدہ کے رہنما خواجہ اظہار الحسن ، وسیم اور کامران فاروقی کے ہمراہ حیدر بیگ کے گھر پہنچ گئے اور اہل خانہ سے ملاقات کی اور رابطہ کمیٹی کو آگاہ کیا، آخری اطلاعات تک حیدر بیگ کو رہا نہیں کیا گیا تھا، علاوہ ازیں کیماڑی سے قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے ISOکے تین کارکنا فصیح ، ذیشان اور قمر عباس کو گرفتار کر لیا، جبکہ گلستان جوہر سے لیاقت ٹینشن کا ساتھی طاہر موٹا پکڑا گیا ۔

(جاری ہے)

علاوہ ازیں ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کور کمانڈر کراچی لیفٹینیٹ جنرل سجاد غنی کے نام خط ، ٹیلی فونک گفتگو ہوئے8گھنٹے بھی نہیں گزرے تھے کہ یونٹ انچارج حیدر بیگ کو گرفتار کر لیا گیا ، رہنماوٴں کو اس حوالے سے تفصیلات نہیں دی جا رہی ہیں ۔ رینجرز اہلکاروں نے 5موبائلوں اور 5موٹر سائیکلوں کے ساتھ سحری کے وقت یونٹ انچارج حیدر بیگ کے گھر چھاپہ مارا اور انہیں ساتھ لے گئے، ایم کیو ایم کے رہنما خواجہ اظہار الحسن اور عبدالوسیم حیدر بیگ کے گھر پہنچے ، دونوں رہنما رینجرز کے دفتر بھی گئے رابطے کے باوجود ایم کیو ایم رہنماوٴں کی گرفتاری کے حوالے سے تفصیل نہیں دی جا رہی ہیں ، شکایات ارسال کردی ہیں امید ہے کہ کور کمانڈر صورتحال کا نوٹس لیں گے اور متعلقہ حکام سے باز پرس کی جائیگی.

ادھر رابطہ کمیٹی نے بھی کارکنوں کی گرفتاریوں کو قابل تشویش قرار دیتے ہوئے واقعے کی شدید الفاظ میں مذمت کی ہے۔

دوسری جانب ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے کہا کہ ایم کیو ایم نیو کراچی سیکٹر یونٹ140-Aکے یونٹ انچارج حیدر بیگ کو نیو کراچی میں واقع انکے گھر سے رینجرز نے گرفتار کیا ہے جبکہ برنس روڈ سیکٹر یونٹ 22کے کارکنان عبدالرحمٰن اور ہارون کی گرفتاری فریسکو چوک کے قریب سے عمل میں لائی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ایم کیو ایم کے کارکنان کی بلاجواز گرفتاریوں کا سلسلہ جاری ہے اور دوران حراست کارکنان کو بہیمانہ اور انسانیت سوز تشدد کا نشانہ بنایا ہے، رابطہ کمیٹی نے کور کمانڈر کراچی لیفٹیننٹ جنرل سجاد غنی سے مطالبہ کیا ہے کہ ایم کیو ایم کے گرفتار کارکنان کی زندگی کے تحفظ کے لیے اقدام کریں اور اس بات کو تقینی بنائیں کے حراست کے دوران ان پر جسمانی تشدد نہ کیا جائے۔

متعلقہ عنوان :