سی ڈی اے نے شہر میں میٹرو بس کے لیے ایک اعشاریہ پانچ ارب روپے کی لاگت کے ڈپو تعمیر کی منظوری دے دی

منگل 5 اگست 2014 17:53

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) کیپٹل ڈویلپمنٹ اتھارٹی (سی ڈی اے) نے شہر میں میٹرو بس کے لیے ایک اعشاریہ پانچ ارب روپے کی لاگت کے ڈپو تعمیر کی منظوری دے دی۔راولپنڈی میں میٹرو بس سروس منصوبے کے ڈائریکٹر زاہد سعید نے نجی ٹی وی کو بتایا کہ منظوری کے بعد اب سی ڈی اے کی جانب سے پی سی- ون کو کابینہ سے منظوری کے لیے بھیجا جائے گا اور اس کے بعد اسے منصوبہ بندی کمیشن کو ارسال کردیا جائے گا اس ڈپو کو راولپنڈی کے اتوار بازار کے قریب ایچ 9 میں قائم کیا جائے گا۔

انہوں نے کہا کہ پی سی-ون کو اگل ہفتے منصوبہ بندی کمیشن کو ارسال کیا جائے گا اور اسی دن اس کی تعمیر کا کام شروع ہوجائے گا۔انہوں نے کہا کہ یہ ڈپو 15 ایکڑ کی زمین پر تعمیر کیا جائے گا۔انہوں نے کہا کہ سی ڈی اے نے پہلے ہی اس زمین کو پنجاب حکومت کے حوالے کردیا ہے۔

(جاری ہے)

ان کا کہنا تھا کہ اس ڈپو میں 64 سے زائد بسوں کی گنجائش ہوگی اور اس کے علاوہ یہاں پر ڈیزل اور سروس اسٹیشن کے ساتھ ساتھ ورک شاپ بھی تعمیر کی جائے گی۔

حکام کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ڈولپمنٹ اتھارٹی ( آر ڈی اے) نے سی ڈی اے سے اس ڈپو کے لیے 20 ایکڑ زمین حاصل کرنے کی کوشش ہے۔انہوں نے کہا کہ ہم مزید تین ایکڑ زمین اس مقصد کے لیے حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔زمین کی قیمت کے حوالے سے ایک سوال پر زاہد سعید کا کہنا تھا کہ وفاقی حکومت نے کسی بھی قیمت کے بغیر یہ زمین پنجاب حکومت کے حوالے کردی تھی۔ایک سوال پر ان کا کہنا تھا کہ میٹرو بس منصوبے میں کل 64 بسیں چلیں گی اور 50 سے زائد بسیں رات کے اوقات میں ڈپو میں پارک کی جائیں گئیں۔

متعلقہ عنوان :