آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی آسٹریلیا میں سیکیورٹی صورتحال پر گول میز مباحثے میں شرکت

منگل 5 اگست 2014 22:00

آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی آسٹریلیا میں سیکیورٹی صورتحال پر گول میز ..

راولپنڈی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔5اگست۔2014ء) آسٹریلیا میں منعقدہ سیکیورٹی صورتحال پر گول میز مباحثے کے شرکاء نے پاکستان کے سیکیورٹی منظر نامے کو زیر غور لاتے ہوئے انسداد دہشتگردی کیلئے ملک کے اندر اور باہر پاکستان کی مسلح افواج کے کردار کو سراہا ہے ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل راحیل شریف جو آسٹریلیا کے سرکاری دورے پر گئے ہوئے ہیں نے سیکیورٹی کے حوالے سے گول میز مباحثے میں شرکت کی جس کا اہتمام خارجہ امور اور تجارت کے سیکرٹری پیٹر وارگیز نے کیا تھا مباحثے کے دوران پاکستان کی سیکیورٹی منظر نامے کے حوالے سے شمالی وزیرستان میں جاری آپریشن اور پاکستان میں اور پورے خطے اور اس سے آگے انسداد دہشتگردی کے حوالے سے پاکستان کے تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا ۔

مباحثہ کے دوران علاقائی ممالک کے تعاون کی اہمیت اور دہشتگردی اور دہشتگردانہ نیٹ ورکس کا مقابلہ کرنیوالی عالمی برادری کے طویل مدتی اور پائیدار امن کیلئے کردار پر خاص طور پر روشنی ڈالی گئی ۔

(جاری ہے)

بات چیت کے دوران پاکستان کی مسلح افواج کے دہشتگردی کیخلاف عزم اور متعلقہ امور بھی زیر غور لائے گئے شرکاء نے اس موقع پر پاک فوج کے کردار کو بھر پور انداز میں سراہا ۔

آرمی چیف نے آسٹریلیا کی وزیر خارجہ امور جولی بشپ سے بھی ملاقات کی ۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور بالخصوص علاقائی سیکیورٹی سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا ۔ قبل ازیں چیف آف آرمی سٹاف نے آسٹریلیا کی جنگی یادگار کا دورہ کیا اور آسٹریلوی فوجیوں کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے پھولوں کی چادر چڑھانے کی تقریب میں شرکت کی۔