امریکہ نے حرکت المجاہدین پر پابندیاں مزید سخت کردیں ،نئے نام سے بننے والی انصار الامہ بھی دہشتگرد تنظیم قرار،حرکت المجاہدین پر امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کی دفعہ 219 کا اطلاق ہو گا،تنظیم کو کسی طرح کی مالی امداد یا وسائل کی فراہمی ممنوع ہو گی ، کسی بھی نوعیت کے فنڈز منتقل نہیں کئے جا سکیں گے،امریکہ میں یا امریکہ اور اسکے شہریوں کے تحت آنیوالی اس تنظیم کی املاک اور متعلقہ مفادات منجمند ہو جائینگے، سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ

جمعرات 7 اگست 2014 22:20

امریکہ نے حرکت المجاہدین پر پابندیاں مزید سخت کردیں ،نئے نام سے بننے ..

واشنگٹن(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء) امریکہ نے حرکت المجاہدین پر پابندیاں مزید سخت کرتے ہوئے نئے نام سے بننے والی تنظیم انصار الامہ پر بھی پابندی عائد کر دی ہے ، امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ سے جمعرات کو جاری بیان کے مطابق غیر ملکی دہشتگرد تنظیموں سے متعلق قانون کے تحت حرکت المجاہدین پر عائد پابندی کے حکم میں ترمیم کرتے ہوئے اس میں انصار الامہ کا نام بھی شامل کر دیا گیا ہے ۔

سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق حرکت المجاہدین کو 1997 ء کو غیر ملکی دہشتگرد تنظیم قرار دیا گیا تھا جس کے بعد حرکت المجاہدین نے پابندیوں سے بچنے کیلئے بار بار اپنا نام تبدیل کیا آخری بار انصارالامہ کے نام سے فرنٹ آرگنائزیشن قائم کی گئی اور یہ دعویٰ کیا گیا کہ گروپ اسلام کی تبلیغ ، سیاسیت اور سماجی کاموں کی تنظیم ہے ۔

(جاری ہے)

بیان میں کہا گیا ہے کہ حرکت المجاہدین پاکستان میں کام کرنیوالی تنظیم ہے جو افغانستان میں امریکی ،افغان اور اتحادیوں کے مفادات کیلئے براہ راست خطرہ ہے ۔

امریکی سٹیٹ ڈیپارٹمنٹ کے مطابق یہ تنظیم کشمیر بھارت پاکستان اور افغانستان میں دہشتگردانہ سرگرمیوں میں ملوث ہے جس کے ارکان میں سینکڑوں مسلح حامی شامل ہیں جبکہ اس نے مشرقی افغانستان میں دہشتگردی کے تربیتی کیمپ بھی قائم کر رکھے ہیں اور کشمیر میں اس نے بھارتی فوجیوں اور شہری اہداف کیخلاف متعدد کارروائیاں کی ہیں ۔ بیان کے مطابق امریکی محکمہ خارجہ نے محکمہ انصاف کی مشاورت سے فیصلہ کیا ہے کہ اب حرکت المجاہدین پر امیگریشن اینڈ نیشنلٹی ایکٹ کی دفعہ 219 کا اطلاق ہو گا اس طرح تنظیم کو کسی طرح کی مالی امداد یا وسائل کی فراہمی ممنوع ہو گی اور اسے کسی بھی نوعیت کے فنڈز منتقل نہیں کئے جا سکیں گے ۔

امریکہ میں یا امریکہ اور اسکے شہریوں کے کنٹرول میں آنیوالی اس تنظیم کی املاک اور متعلقہ مفادات منجمند ہو جائینگے۔

متعلقہ عنوان :