عمرہ: سعودی معیشت کو 1 ارب 60 کروڑ ڈالرز کی آمدن

جمعرات 7 اگست 2014 00:31

عمرہ: سعودی معیشت کو 1 ارب 60 کروڑ ڈالرز کی آمدن

مکہ مکرمہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7اگست۔2014ء)حالیہ عمرہ سیزن کے دوران سعودی عرب کی معیشت کو ایک ارب ساٹھ کروڑ ڈالرز کی آمدن ہوئی ہے۔مکہ مکرمہ کے ایوان صنعت وتجارت کی ٹرانسپورٹیشن کمیٹی کے سربراہ سعد القریشی نے بتایا ہے کہ عمرہ کے لیے آنے والے زائرین نے اوسطاً فی کس دوسو ستر ڈالرز صرف کیے ہیں۔اس طرح زائرین عمرہ کی رہائش ،ٹرانسپورٹ اور انھیں خوراک کی فراہمی کی مد میں سعودی معیشت میں ایک ارب ساٹھ ڈالرز کا اضافہ ہوا ہے۔

ان کا کہنا ہے کہ اس مرتبہ عمرہ کا سیزن گذشتہ سال کے مقابلے میں بہت اچھا رہا ہے اور شکایات میں نمایاں کمی واقع ہوئی ہے۔ان کے بہ قول مکہ مکرمہ کے وسطی علاقے میں پنج ستارہ ہوٹل عمرہ زائرین سے سو فی صد پُر رہے ہیں جبکہ وسطی علاقے کے نواح میں ہوٹلوں میں رہائش کی شرح ساٹھ فی صد رہی ہے۔

(جاری ہے)

ان کا مزید کہنا تھا کہ اب عمرہ کمپنیاں بہت تجربے کار ہوچکی ہیں۔

وہ اپنے نقصانات کے ازالے کا بندوبست کرسکتی ہیں اور درپیش رکاوٹوں کو بھی دور کرسکتی ہیں۔واضح رہے کہ سعودی وزارت حج نے گذشتہ روز عمرہ کے لیے آنے والے تمام زائرین کو ہدایت کی ہے کہ وہ 11 اگست تک اپنے اپنے آبائی ممالک کو واپس چلے جائیں۔وزارت کی اس ہدایت سے قبل ہی رمضان المبارک کے دوران عمرہ کے لیے آنے والے اسّی فی صد زائرین مکہ مکرمہ سے واپس جاچکے ہیں اور باقی رہ جانے والے زائرین اپنے شیڈول کے مطابق واپسی کے لیے رخت سفر باندھ رہے ہیں