سعودی عرب کی موجودہ کامیابیاں صرف شروعات ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان

مملکت علاقائی اور عالمی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اہم کردار ادا کرہا ہے،خطاب

منگل 30 اپریل 2024 12:57

سعودی عرب کی موجودہ کامیابیاں صرف شروعات ہیں، شہزادہ محمد بن سلمان
ریاض(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 30 اپریل2024ء) سعودی عرب کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے ریاض میں ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس کے دوران ایک خصوصی ڈائیلاگ سیشن سے خطاب میں کہا ہے کہ سعودی عرب ایک مضبوط اور مستحکم مستقبل کے لیے تمام کوششیں بروئے کار لا رہا ہے۔ مملکت علاقائی اور عالمی مسائل کے حل اور پائیدار ترقی کے حصول کے لیے اہم کردار ادا کرہا ہے۔

غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق سعودی ولی عہد نے کہا کہ مملکت کی حالیہ کامیابیاں صرف شروعات ہیں۔ سعودی عرب ترقی کی مزید نئی منزلوں کیحصول کے لیے دن رات کام کر رہا ہے۔ولی عہد نے کہا کہ سعودی وژن 2030 مملکت میں زندگی کے تمام پہلوں پر اثر انداز ہورہا ہے جس کے نتیجے میں ایک متحرک معاشرے کی تعمیر ہوئی ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے معیار زندگی اور سماجی ترقی میں نمایاں بہتری کی طرف اشارہ کیا جس میں افرادی قوت میں خواتین کی شرکت 2016 سے دگنی ہو گئی ہے۔

ولی عہد نے کہا کہ سعودی وژن 2030 ایک سفر ہے حتمی منزل نہیں۔ سعودی عرب کی موجودہ کامیابیاں صرف ابتدائی مرحلہ ہیں اور مزید بہت کچھ کرنا ہوگا۔ انہوں نے سعودی عرب کی عالمی برادری کیساتھ تعاون اور تعلقات کو مزید بہتر بنانیکی اہمیت پر زوردیتے ہوئے کہا کہ عالمی سطح پر تعاون کے فروغ سے ترقی کے مزید مواقع پیدا ہوں گے۔سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان نے اپنے بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ بین الاقوامی تعاون کے دائرہ کار کو وسعت دینے کے لیے مملکت کے عزم کی توثیق کی جس کا مقصد سب کے لیے جامع ترقی کو فروغ دینا، مربوط اقتصادی لچک حاصل کرنا ،خطے میں استحکام، خوشحالی اور امن کی حمایت کرنے والی قوت کے طور پر کام کرنا ہے۔

ولی عہد نے کہا کہ ورلڈ اکنامک فورم کے خصوصی اجلاس میں بہت سے اہداف ہیں جنہیں مملکت نے بین الاقوامی برادری کے ساتھ شراکت داری میں زندگی کے مختلف شعبوں میں حاصل کرنے کے لیے کام کیا ہے۔