عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کسی طور بھی جائز نہیں ،آفتاب شیرپاؤ

بدھ 13 اگست 2014 19:19

پشاور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) قومی وطن پارٹی کے چےئرمین آفتاب احمد خان شیرپاؤ نے وزیر اعظم نواز شریف کی طرف سے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان کی الیکشن دھاندلی الزامات کیلئے جوڈیشل کمیشن کے قیام کے اعلان کو خوش آئند قرار دیا ہے اور کہاہے کہ گزشتہ عام انتخابات میں مبینہ دھاندلی کے الزامات پر وزیر اعظم سے استعفیٰ کا مطالبہ کسی طور بھی جائز نہیں ۔

انھوں نے کہا کہ الیکشن 2013میں دھاندلی الزامات کی بنیاد پر وزیراعظم سے مستعفی ہونے کا مطالبہ مکمل طور پر بلاجواز ہے اور اس قسم کے مطالبات سے ملک جمہوری عدم استحکام اور انتشار کا شکار ہو نے کا خدشہ ہے ۔ایک بیان میں انھوں نے کہا کہ احتجاج ہر سیاسی جماعت کا حق ہے لیکن احتجاج کی آڑ میں کسی کو بھی جمہوری نظام سبوتاژکرنے کی اجازت نہیں دی جانے چاہیے۔

(جاری ہے)

انھوں نے کہا کہ غیر منطقی اور غیر آئینی مطالبات سے سیاسی بحران پیدا ہو گاجس سے اقوام عالم میں ملک کی سبکی ہو گی۔انھوں نے تمام سیاسی اور جمہوری پارٹیوں کے رہنماؤں اور کارکنوں پر زور دیا کہ وہ جمہوریت کے استحکام ،قانون اور آئین کی بالادستی اور جمہوری اداروں کی مضبوطی کیلئے آگے بڑھے تاکہ ملک صحیح جمہوری راہ پر گامزن ہو سکے۔انھوں نے کہا کہ اس وقت مادر وطن تاریخ کے ایک سنگین دور سے گزر رہا ہے،دہشت گردی،مہنگائی،بے روزگاری اور افراط زر نے ملکی معیشت پر پنجے گاڑہ دےئے ہیں لہٰذا ان حالات سے نبرد آزما ہونے کیلئے متحد ہونے کی ضرورت ہے تاکہ ان مشکلات پر قابو پایا جا سکے۔

انھوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا میں تحریک انصاف کی حکومت گزشتہ ایک سال کے عرصہ سے زیادہ میں اپنے وعدوں کے برعکس عوام کے مشکلات میں کمی نہ لاسکی اور نہ ہی کسی ادارے میں تبدیلی لائی گئی۔صوبائی حکومت اور تحریک انصاف کے چےئرمین عمران خان کو اپنی توجہ خیبر پختونخوا کے عوام کی بہبود پر مرکوز کرنی چاہیے اور تبدیلی کے کھوکھلے نعروں کی بجائے صوبے کے عوام کیلئے عملی اقدامات کرکے عوامی مینڈیٹ کا احترام کرناچاہیے۔

انھوں نے یاد دلایا کہ2013کے انتخابات سے قبل پی ٹی آئی کی لیڈر شپ نے عوام سے جو وعدے کئے تھے اب وہ ان وعدوں کو یکسر بھول گئے ہیں ۔پی ٹی آئی کی صوبائی حکومت نے صوبے کے عوام کو دہشت گردی،بے روزگاری،ٹارگٹ کلنگ،اغواء برائے تاوان اور لاقانونیت کے رحم و کرم پر چھوڑا ہے اور اپنے وعدے ایفا کرنے میں مکمل طور پر ناکام ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :