پنجاب بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں متوازن اور سپلائی معمول کے مطابق ہے:صوبائی وزیر زراعت

بدھ 13 اگست 2014 19:58

لاہور(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 13اگست 2014ء) صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے کہا ہے کہ پنجاب بھر میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں گزشتہ سال سے کم اور مارکیٹ میں سپلائی معمول کے مطابق جاری ہے ۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب کی 134 مارکیٹ کمیٹیوں کے زیرانتظام چلنے والی تمام منڈیوں میں سبزیوں ، پھلوں اور اشیائے خوردونوش کی قیمتیں گزشتہ سال سے کم ہیں اور انکی سپلائی بغیر کسی تعطل کے جاری ہے۔

وزیر زراعت نے بتایا کہ لاہور کی منڈیوں بادامی باغ، ملتان روڈ، کاچھا، سنگھ پورا اور رائیونڈ روڈ پر اشیائے خوردونوش وافر مقدار میںآ رہی ہیں اور شہریوں کو اشیائے ضروریہ کی سستے داموں فراہمی ہر صورت یقینی بنائی جا رہی ہے۔ان خیالات کا اظہار صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے یہاں سول سیکرٹریٹ میں ایک اعلی سطحی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

اجلاس میں ایڈیشنل چیف سیکرٹری سمیت محکمہ زراعت، خوراک، لائیو سٹاک اور لیبر کے سیکرٹریز کے علاوہ متعلقہ حکام بھی موجود تھے۔ اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ لاہور شہر سمیت پورے صوبے میں گوشت، انڈے اور دودھ کی سپلائی بھی معمول کے مطابق جاری ہے اور حکومت ملکی حالات کے پیش نظر اشیائے ضروریہ کی فراہمی کو ہر صورت ممکن بنانے کیلئے خصوصی اقدامات اٹھا رہی ہے۔

اجلاس کو بتایا گیا کہ حکومتی کاوشوں کے پیش نظر حالیہ دنوں میں اشیائے خوردونوش کی قیمتیں گزشتہ سال سے کم سطح پر ہیں اور اشیاء کی کوالٹی بھی اطمینان بخش ہے۔ صوبائی وزیر زراعت ڈاکٹر فرخ جاوید نے اجلاس سے خطاب میں بتایا کہ سپلائیرز، کمیشن ایجنٹس اور آڑھتیوں کے ساتھ خصوصی مزاکرات اورحکومتی حکمت عملی کے باعث ملکی حالات کا اثر اشیائے خوردونوش کی قیمتوں پر نہیں آنے دیا گیا۔ حکومت پنجاب اسی طرح صارفین کی سہولت کیلئے ہر ممکن اقدامات اٹھاتی رہے گی تاکہ عوام کے حقوق کا بھرپور تحفظ کیا جا سکے۔

متعلقہ عنوان :