آزادی اور انقلاب مارچ ، راستے بند ہونے صنعتی مصنوعات، غذائی اشیاء ، سبزیاں اور پھلوں کی ترسیل رک گئی ، ملک بالائی علاقوں، بنیادی طور پر پنجاب کے درآمد کنندگان سخت دباوٴ میں ہیں ، یونس بشیر ،پنجاب سے کراچی کی مقامی صنعتوں کے لیے آنے والا خام مال اور کراچی سے پنجاب کو جانے والا سامان بھی رکا ہوا ہے ،زبیر موتی والا ،پنجاب سے آنے والی دالوں اور چاولوں کی مقامی پیداوار کی آمد نہیں ہورہی ہے ، انیس مجید

جمعرات 14 اگست 2014 13:34

آزادی اور انقلاب مارچ ، راستے بند ہونے صنعتی مصنوعات، غذائی اشیاء ، ..

اسلام آباد/کراچی(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) یومِ آزادی پر پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے احتجاجی پلان سے نمٹنے کیلئے حکومت کی جانب سے سڑکوں کو بند کیے جانے کے اقدامات کی وجہ سے کراچی اور پنجاب کے درمیان ضروری سامان، صنعتی مصنوعات، غذائی اشیاء ، سبزیاں اور پھلوں کی ترسیل تیسرے روز بھی رکی رہی۔سائٹ ایسوسی ایشن آف انڈسٹری کے چیئرمین یونس بشیر نے کہا کہ ملک بالائی علاقوں، بنیادی طور پر پنجاب کے درآمد کنندگان سخت دباوٴ میں ہیں، اس لیے کہ برامدی سامان پر مشتمل کراچی جانے والی ان کی سپلائی چند دنوں کو چند دنوں کے لیے روک دیا گیا اس ایسوسی ایشن کے سابق چیئرمیں زبیر موتی والا نے کہا کہ پنجاب سے کراچی کی مقامی صنعتوں کے لیے آنے والا خام مال اور کراچی سے پنجاب کو جانے والا سامان بھی رکا ہوا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ کراچی کے صنعتی علاقوں میں قائم صنعتوں سے بندرگاہ کے ذریعے کی جانے والی برآمدات اب تک معمول کے مطابق جاری ہیں۔ بہت سے ایسے صنعتی یونٹس جو اپنی مصنوعات باقاعدگی کے ساتھ ملک کے بالائی علاقوں کو بھیجتے ہیں، ان کے مال کی نقل و حرکت نہ ہونے کی وجہ سے ان کی پیداوار پچیس سے تیس فیصد تک کم ہوگئی ہے۔کورنگی ایسوسی ایشن آف ٹریڈ اینڈ انڈسٹری (کے اے ٹی آئی) کے چیئرمین فرخ مظہر کے مطابق ایسے درآمدکنندگان جن کی صنعتیں کورنگی کے علاقے میں موجود ہیں، اب تک معمول کے مطابق کام کررہے ہیں، البتہ ایسے صنعتکار جو پنجاب کی سپلائی پر انحصار کرتے ہیں، پریشانی کا سامنا کررہے ہیں۔

کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن (کے ڈبلیو جی اے) کے چیئرمین انیس مجید کا کہنا ہے کہ سامان کی فراہمی کا سلسلہ غیر فعال ہے کراچی جوڑیا بازار سے درآمدی دالوں کی پنجاب کو ترسیل معطل ہوگئی ہے پنجاب سے آنے والی دالوں اور چاولوں کی مقامی پیداوار کی آمد نہیں ہورہی ہے۔انیس مجید نے بتایا کہ چینی کی تھوک کی قیمت ایک روپے فی کلوگرام اضافے کے بعد 54.50 روپے ہوگئی ہے تاہم اس اضافے کا کراچی اور پنجاب کے درمیان سامان کی آزادانہ ترسیل میں رکاوٹ سے کوئی تعلق نہیں ۔

انہوں نے کہا کہ اب تک ہول سیل مارکیٹ میں ضروری اشیاء کے داموں پر اس کے اثرات نہیں پڑے ہیں تاہم اگر یہ معطلی طویل عرصے تک برقرار رہتی ہے تو بالآخر اس کے اثرات قیمتوں کی سطح پر ظاہر ہونا شروع ہوجائیں گے۔کراچی ہول سیلرز گروسرز ایسوسی ایشن کے چیئرمین نے کہا کہ بالفرض سپلائی مزید دو یا تین دن تک متاثر رہتی ہے تو کراچی ہول سیلز مارکیٹ اس کی پریشانی کو محسوس کریگی۔

آل پاکستان سبزی و پھلوں کی درآمد و برآمد کنندگان اور تاجروں کی ایسوسی ایشن کے شریک چیئرمین وحید احمد نے کہا کہ پنجاب سے پھل خاص طور پر آم کی سپلائی پچھلے دو دنوں سے رْکی ہوئی ہے۔انہوں نے کہاسندھ سے خیبرپختونخوا اور پنجاب جانے والی پھلوں اور سبزیوں کی سپلائی بھی متاثر ہوئی ہے۔انہوں نے کہاکہ سندھ میں آم کے کاشتکاروں کے باغات میں آم کا اسٹاک ٹرانسپورٹ کی عدم دستیابی کی وجہ سے بڑھ گیا ۔

انہوں نے بتایا کہ سامان کی نقل و حرکت میں رکاوٹ اور پنجاب کے علاقوں میں اہم سڑکوں کی بندش کی وجہ سے لاہور سے مشرق وسطیٰ فضائی راستے سے بھیجی جانے والی سبزیوں اور پھلوں کی برآمدات بھی متاثر ہوئی ہے۔ہول سیلز ویجیٹیبل مارکیٹ کی فلاحی انجمن کے صدر حاجی شاہ جہان کے مطابق مقامی طور پر پیدا ہونے والا آلو پنجاب کے کولڈ اسٹوریج میں پڑا ہے اور چین سے آنے والی آلو کی شپمنٹ جسے بندرگاہ سے پنجاب کیلئے روانہ کیا جانا تھا، دو دن سے رکی ہوئی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پنجاب کے پیداواری علاقوں سے آنے والے آم اور کچھ دیگر پھل وہیں پڑے ہوئے ہیں بلوچستان کی فصل کے پیاز اور ٹماٹر کے ٹرکوں کو پنجاب میں داخل ہونے کا راستہ نہیں ملا ہیاس کے علاوہ درآمد کی گئی ادرک اور لہسن کو بھی کراچی سے پنجاب جانے سے روک دیا گیا ۔