Live Updates

آئین یہ نہیں کہتا کہ دھاندلی کرکے حکومت میں آؤ، نوازشریف سے استعفیٰ مانگنے،عمران خان

جمعرات 14 اگست 2014 22:22

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔14اگست۔2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ آئین یہ نہیں کہتا کہ دھاندلی کرکے حکومت میں آؤ ،نوازشریف سے استعفیٰ مانگنے اسلام آباد جارہا ہوں،ہم نیاپاکستان بنا کر دم لیں گے،پنجاب پولیس سے خطرہ نہیں شریف خاندان کے گلوبٹوں سے خطرہ ہے،جن کے ساتھ برا ہونے والا ہے ہم سادہ زندگی گزاریں گے،عوام کے پیسوں سے حملوں میں نہیں رہیں گے۔

لاہور میں احتجاجی مارچ کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ 2013ء کے انتخابات میں میچ فکس تھا اور پاکستان کے عوام سے مینڈیٹ چھینا گیا دھاندلی سے انتخابات جیتنا آئینی نہیں غیر آئینی ہے،کون سا آئین کہتا ہے کہ دھاندلی کرکے حکومت میں آجاؤ،انہوں نے کہا کہ احتجاج کرنا ہمارا جمہوری حق ہے تحریک انصاف نیا پاکستان بنائے گی،آج میاں نوازشریف سے استعفیٰ لینے اسلام آباد جارہا ہوں،کارکنو ! اپنی آزادی حاصل کرنے کیلئے تیار رہو۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب پولیس ہمارے گرفتار کارکنوں کو چھوڑ دے الیکشن کمیشن والوں سے کہتا ہوں کہ میرے آنے سے پہلے ہی اپنے استعفیٰ دے دیں،ان کا کہنا تھا کہ ہم نیا پاکستان بنانے اسلام آباد جارہے ہیں،میرا پیسہ ملک میں ہے عمران خان کے رشتہ دار اور بیٹے آپ پر مسلط نہیں ہوں گے،ہم شریف خاندان کی بادشاہت ختم کردیں گے،انہوں نے کہا کہ ہمیں پنجاب پولیس سے نہیں شریف خاندان کے گلوبٹوں سے خطرہ ہے ،گلوبٹو سن لو آپ کے ساتھ برا ہونے والا ہے،میں وعدہ کرتا ہوں کہ جان دے دوں گا لیکن عوام کو غلام نہیں بننے دوں گا اور اپنا پیسہ ملک سے باہر نہیں رکھوں گا،ہم سادہ زندگی گزاریں گے،عوام کے پیسوں سے محل میں نہیں رہیں گے۔۔۔

Live عمران خان سے متعلق تازہ ترین معلومات