عباسی شہید کے ڈاکٹر اور انتظامیہ زیادہ محنت سے اسپتال پر توجہ دیں تو یہ ادارے مزید بہتر ہوسکتے ہیں، رؤف اختر فاروقی

جمعہ 15 اگست 2014 18:13

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔15اگست۔2014ء) ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے کہا ہے کہ عباسی شہید اسپتال شہر کا بہترین اسپتال ہے جہاں جدید مشینری موجود ہے وسائل کی کمی کے باوجود ہم شہریوں کو ایسے اسپتالوں میں بہترین سہولتیں فراہم کررہے ہیں، عباسی شہید کے ڈاکٹر اور انتظامیہ زیادہ محنت سے اسپتال پر توجہ دیں تو یہ ادارے مزید بہتر ہوسکتے ہیں، ان خیالات کا اظہار انہوں نے یوم آزادی کی مناسبت سے عباسی شہید اسپتال کے چلڈرن وارڈ کے دورے پر مریض بچوں کے والدین سے ملاقات اور بچوں میں تحائف تقسیم کرنے کے موقع پر کیا، ایڈمنسٹریٹر کراچی رؤف اختر فاروقی نے تقریباً 3 گھنٹے اسپتال کا تفصیلی دورہ کیا اس موقع پر انہوں نے کہا کہ یہ خوش آئند بات ہے کہ عباسی شہید اسپتال کے چلڈرن وارڈ میں شہر کے بڑے پرائیویٹ اسپتالوں سے بھی زیادہ بہتر اور جدید مشینری موجود ہے جہاں نومولود بچوں کو وہ تمام سہولتیں مہیا کی جارہی ہیں جو پرائیویٹ اسپتالوں میں موجود نہیں انہو ں نے کہا کہ ایسا طریقہ کار ہونا چاہئے کہ شہر کے بڑے پرائیویٹ اسپتالوں میں درکار سہولت نہ ہونے کے باعث عباسی شہید اسپتال منتقل ہونے والے مریضوں سے کچھ فیس وصول کرکے غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو مزید بہتر طبی سہولتیں فراہم کی جائیں، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ ماضی میں عباسی شہید اسپتال میں پرائیویٹ وارڈ بھی قائم تھا جو مریض فیس ادا کرکے علاج کرانے کی گنجائش رکھتے ہیں ان کے لئے پرائیویٹ وارڈ بھی ہونا چاہئے تاکہ وہاں سے ہونے والی آمدنی غریب اور متوسط طبقے کے مریضوں کو طبی سہولتوں کی فراہمی پر خرچ ہو سکے اس طرح یہ اسپتال بہتر طریقے سے خدمات انجام دینے کے قابل ہوجائیں گے، ایڈمنسٹریٹر کراچی نے کہا کہ بلدیہ عظمیٰ کراچی کے وسائل کم ہورہے ہیں اور مسائل اور ذمہ داریوں میں اضافہ ہورہا ہے لہٰذا انتظامیہ کو کوشش کرنی چاہئے کہ خراب سے خراب معاشی حالات میں بھی یہ ادارے چلتے رہیں کیونکہ یہ غریبوں اور متوسط طبقے کے لئے سہارا اور امید کی کرن ہے، اس لئے بلدیہ عظمیٰ کراچی اپنے تمام تر وسائل ان اداروں پر صرف کرے گی انہوں نے اس موقع پر ہدایت کی کہ ایسے تمام ڈاکٹرز اور پیرامیڈیکل اسٹاف کے خلاف کارروائی کی جائے جو ڈیوٹیوں پر نہیں آتے یا مریضوں پر توجہ نہیں دیتے اور مریضوں کی شکایات پر فوراً توجہ دی جائے انہوں نے کہا کہ عباسی شہید اسپتال کے معیارکو برقرار رکھنے کے لئے ہر ممکن اقدامات کئے جائیں گے اور وہ جلد ہی دوبارہ اچانک اسپتال کا دورہ کریں گے اور صورتحال کا جائزہ لیں گے اس موقع پر سینئر ڈائریکٹر میڈیکل سروسز ڈاکٹر سلمیٰ کوثر نے ایڈمنسٹریٹر کراچی کو اسپتال کے حوالے سے بریفنگ دی۔

متعلقہ عنوان :