حافظ آباد، ونیکے تارڑ میں بجلی کے زائد بلز آنے پر سینکڑوں زمینداروں اور کاشتکاروں کا واپڈا آفس کا گھیراؤ

پیر 18 اگست 2014 19:50

حافظ آباد(اُردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار۔ 18اگست 2014ء) ونیکے تارڑ میں بجلی کے زائد بلز آنے پر مختلف دیہات کے سینکڑوں زمینداروں اور کاشتکاروں نے واپڈا آفس کا گھیراؤ کرتے ہوئے افسران کیخلاف شدید نعرہ بازی کی۔مظاہرین کے مشتعل ہونے پر واپڈا ملازمین دفاتر کو تالے لگا کربھاگ نکلے۔مظاہرین نے قادر آباد جلالپور روڈ پر کئی گھنٹے ٹریفک بھی بلاک رکھی جس پر پولیس کی بھاری نفری کو طلب کر لیا گیا۔

حافظ آباد کے نواحی گاؤں ٹھٹھہ وزیرا، ساون پورہ، کوٹ بختاور، بیری والا تارڑ، باہری تارڑ، علاؤالدین کے چٹھہ، بکن کلاں، ربڑ کلاں، ٹھٹھی انوک سنگھ، کوٹ قادر بخش، کوٹ جان محمد سمیت 100کے قریب دیہات کے زمینداروں اور کاشتکاروں کو محکمہ واپڈا نے 500سے لیکر4000یونٹ تک زائد ڈالے گئے جس سے ان دیہاتیوں کے ماہانہ بلز میں ہزاروں روپے اضافہ ہو گیا۔

(جاری ہے)

زائد بلوں کیخلاف سینکڑوں زمینداروں اور کاشتکاروں نے ایس ڈی او ونیکے تارڑ کے دفتر کا گھیراؤ کرتے ہوئے شدید نعرہ بازی کی۔مظاہرین کے مشتعل ہونے پر واپڈا ملازمین دفاتر کو تالے لگا کر غائب ہو گئے جبکہ مظاہرین نے قادر آباد جلالپور روڈ پر رکاوٹیں کھڑی کرکے کئی گھنٹے تک ٹریفک بھی بلاک کیے رکھی۔مظاہرین کا کہنا تھا کہ واپڈا افسران اکثر و بیشتر اُنہیں زائد بلز بھجواتے ہیں اور اگر واپڈا نے اپنا یہ طریقہ نہ بدلا تو آئندہ اُن کا احتجاج پر تشدد ہو گا۔ تاہم پولیس اورواپڈا افسران کی جانب سے زائد یونٹ ختم کیے جانے کی یقین دہانی پر مظاہرین پر امن طور پر منتشر ہو گئے۔

متعلقہ عنوان :