آبیانہ واجبات کی وصولی کسان تنظیموں کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران و عملے کی بھی مساوی ذمہ داری ہے ‘میاں یاور زمان،

آبیانہ نہری نظام کی تعمیر و مرمت اور اس کی بقاء کے لئے بنیادی حیثیت کا حامل ہے ‘صوبائی وزیر آبپاشی وچےئرمین پیڈا

جمعہ 29 اگست 2014 18:58

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔29اگست۔2014ء )صوبائی وزیر آبپاشی و چیئر مین پیڈا میاں یاور زمان نے کہا ہے کہ آبیانہ واجبات کی وصولی کسان تنظیموں کے ساتھ ساتھ سرکاری افسران و عملے کی بھی مساوی ذمہ داری ہے ، آبیانہ نہری نظام کی تعمیر و مرمت اور اس کی بقاء کے لئے بنیادی حیثیت کا حامل ہے ۔ یہ بات انہوں نے جمعہ کے روز یہاں اپنے دفتر میں محکمہ آبپاشی و پیڈا کے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہی۔

اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری آبپاشی ملک محمد سلیم ، چیف انجینئر ( لاہور زون ) خالد حسین قریشی ، جنرل منیجر (پیڈا) افضل انجم طور ، ڈپٹی جنرل منیجر ( سوشل موبلائزیشن ) سید شائق حسین عابدی کے علاوہ دیگر سینئر افسران بھی موجود تھے ۔صوبائی وزیر نے افسران سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ کسانوں سے آبیانہ کی وصولی محکمہ آبپاشی و پیڈا کے تمام افسران و فیلڈ عملے کی مساوی ذمہ داری ہے اور اس سلسلے میں ہم سب کو اپنی اپنی ذمہ داریاں ادا کرنی چاہیں تاکہ نہری انتظام و انصرام کے لئے ضروری وسائل دستیاب ہو سکیں۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پنجاب حکومت نہری نظام کی بحالی اور دوام کے لئے تمام وسائل برؤئے کار لا رہی ہے اور اس سلسلے میں میگا پراجیکٹس پر کام کی رفتار مزید تیز کر دی گئی ہے تاکہ کسان برادری کو مناسب مقدار میں نہری پانی دستیاب ہو سکے ۔صوبائی وزیر نے افسران کو ہدایت کی کہ کینال ڈویژنز کی سطح پر کسان تنظیموں او رمحکمہ آبپاشی کے عملے کے درمیان موثر رابطہ کاری کی فضا قائم کی جائے تاکہ سرکاری واجبات کی وصولی میں بہتری لائی جا سکے۔ انہوں نے مزید ہدایت کی کہ آبیانہ کی سو فیصد وصولی کے لئے مقامی سطح پرموجود کھال پہنچائیتوں کے نمائندگان کو فعال کرنے کے ساتھ ساتھ ان کو درکاری معاونت بھی فراہم کی جائے تاکہ مطلوبہ اہداف حاصل ہو سکیں۔