میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹ کل ہو گا ،45ہزار سے زائد امیدوارحصہ لے رہے ہیں‘ترجمان یو ایچ ایس

ہفتہ 30 اگست 2014 16:43

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30اگست۔2014ء )پنجاب کے تمام سرکاری و نجی میڈیکل کالجوں میں داخلے کیلئے انٹری ٹیسٹکل اتوار یونیورسٹی آف ہیلتھ سائنسز کے زیر اہتمام بیک وقت 13شہروں میں منعقد ہورہا ہے۔وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر 17صوبائی سیکریٹریز، بورڈ آف ریونیو کے 7ممبرز، تمام ڈویژنل کمشنرز، اور ڈی سی اوز سمیت سینئر بیوروکریٹس انٹری ٹیسٹ کی مانیٹرنگ کریں گے ۔

یو ایچ ایس کے ترجمان کے مطابق اس سال 45ہزار سے زائد امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں جن میں سے ساڑھے30ہزار طالبات اور ساڑھے 14ہزار طلبہ شامل ہیں۔ صوبے کے 13شہروں میں 25مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ ان شہروں میں لاہور، فیصل آباد، ساہیوال، بہاولپور، ملتان، رحیم یار خان، سرگودھا، راولپنڈی، حسن ابدال، گجرات، گوجرانوالہ، ڈیرہ غازی خان اور سیالکوٹ شامل ہیں۔

(جاری ہے)

پرچہ حل کرنے کیلئے امیدوار کو اڑھائی گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ اس کے بعد تمام امیدواروں کو رجحان اور فیڈ بیک سے متعلقہ سوالات کے جواب دینے ہوں گے جن کے کوئی نمبر نہیں ہوں گے ۔اس کیلئے مزید آدھے گھنٹے کا وقت دیا جائے گا۔ ہدایت کے مطابق ٹیسٹ ٹھیک صبح9بجے شروع ہوجائے گا تاہم تمام امیدوار صبح 8بجے تک اپنے اپنے امتحانی مرکز پہنچ جائیں کیونکہ سوا آٹھ بجے تمام مراکز سیل کردیے جائیں گے اور اس کے بعد کسی کو اندر داخل ہونے کی اجازت نہیں دی جائیگی۔

لاہور میں انٹری ٹیسٹ کے لیے 6مراکز قائم کیے گئے ہیں۔ جن میں بورڈ آف انٹر میڈیٹ اینڈ سکینڈری ایجوکیشن کے امتحانی مراکز بمقام لارنس روڈ، پنجاب یونیورسٹی ایگزامینیشن ہالز وحدت روڈ ، گورنمنٹ کمپری ہینسووگرلز ہائی سکول وحدت روڈ ، گورنمنٹ پائلٹ ہائی سکول وحدت روڈ ، یونیورسٹی آف ایجوکیشن لوئر مال اور گورنمنٹ سینٹرل ماڈل سکول لوئر مال کے مراکز شامل ہیں۔

لاہور سے تقریباً 13ہزار امیدوار انٹری ٹیسٹ میں شرکت کررہے ہیں۔پنجاب کے 17سرکاری میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی 3405جبکہ3سرکاری ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 216نشستیں ہیں۔ اس کے علاوہ صوبے کے 28پرائیوٹ میڈیکل کالجوں میں ایم بی بی ایس کی تقریباً 3000جبکہ12پرائیوٹ ڈینٹل کالجوں میں بی ڈی ایس کی 700نشستیں ہیں۔ حکومت پنجاب نے انٹری ٹیسٹ کیلئے سخت حفاظتی انتظامات کیے ہیں ۔

تمام مراکز پر دفعہ144نافذ کی گئی ہے۔ ساتھ آنے والے والدین اور دیگر عزیز و اقارب کے بیٹھنے کیلئے امتحانی مراکز کے قریب شامیانوں اور کرسیوں کا انتظام کیا گیا ہے۔ اس موقع پر ٹریفک کو رواں دواں رکھنے اور پارکنگ کے بھی خصوصی انتظامات کیے گئے ہیں۔پنجاب حکومت نے انٹری ٹیسٹ کے بہترین انتظامات کیلئے صوبے کے تمام کمشنر اور ڈی سی اوز کو ہدایات پہلے ہی جاری کردی ہیں۔ ٹیسٹ والے دن امیدواروں کو اپنے ساتھ صرف نیلا بال پوائنٹ پین اور کلپ بورڈ لانے کی اجازت ہوگی۔ ایڈمیٹنس کارڈ کے بغیر کسی امیدوار کو کمرہ امتحان میں داخل نہیں ہونے دیا جائے گا۔