بوائز ڈگری کالج دالبندین میں مطلوبہ تعلیمی سہولیات کی کمی کے خلا ف احتجاجی ریلی

منگل 9 ستمبر 2014 16:56

دالبندین(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9 ستمبر۔2014ء)بوائز ڈگری کالج دالبندین میں مطلوبہ تعلیمی سہولیات کی کمی اور پانی و بجلی کے ضروریات کی عدم دستیابی کے خلاف بلوچ اسٹوڈنٹس آرگنازیشن پجار دالبندین زون کے زیر اہتمام دالبندین میں احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں بی ایس او کے کارکنان سمیت ڈگری کالج کے طلباء کی بڑی تعداد نے شرکت کی، شرکاء نے مطالبات کے حق میں نعرے بازی کرتے ہوئے لندن روڈ پر گشت کی جس کے بعد دالبندین پریس کلب کے سامنے احتجاجی مظاہر ہ کیا گیا۔

مظاہرین سے بی ایس او پجار رخشان کے ریجنل سیکرٹری عبدالحق بلوچ، دالبندین کے آرگنائزر کامریڈ قادر بلوچ اور ڈپٹی آرگنائزر شفقت بلوچ نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سونے کی چڑیا کہلانے والے چاغی میں تعلیمی سہولیات کا فقدان ہے عوامی نمائندوں سمیت ریکوڈک اور سیندک پراجیکٹس کی جانب سے بھی چاغی میں تعلیم کی بہتری کے لیئے خاطر خواہ اقدامات نہیں اٹھائے جا رہے۔

(جاری ہے)

مقررین نے کہا کہ آئین کے تحت دیئے گئے بنیادی حقوق شہریوں کو ملنے چاہیے لیکن افسوس کہ ڈگری کالج دالبندین میں ڈگری کے کلا سسز کا اجراء طویل عرصے سے تاخیر کا شکار ہے جبکہ لیکچرارز کی بھی شدید کمی ہے، مقررین نے کہا کہ ڈگری کالج دالبندین میں لیکچرارز کے لیئے رہائش کا بندوبست نہیں اور پانی و بجلی جیسی بنیادی ضرورت تک میسر نہیں جس کے سبب لیکچرارز اور طلباء شدید مشکلات سے دوچار ہیں۔

مقررین نے کہا کہ دالبندین کے مذکورہ واحد کالج کی بنیاد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے 1998 کو وززیر تعلیم کی حیثیت سے رکھی جس کے بعد حالیہ دور حکومت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان بننے کے بعد ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ نے ہی مذکورہ کالج کو ڈگری کا درجہ دیا جبکہ درمیانی عرصے کے دوران تمام تر زبانی اعلانات کے باوجود عوامی نمائندوں سمیت کوئی بھی حکمران مذکورہ کالج کو ڈگری کا درجہ تک نہ دے سکا، انہوں نے کہا کہ اب بھی ڈگری کے کلاسسز کی اجراء کے لیئے دو لاکھ روپے فیس کی مد میں درکار ہیں جن کی ادائیگی عوامی نمائندے کو کرنی چاہیے تاکہ ڈگری کے کلاسسز کا اجراء شروع ہو سکے۔

بی ایس او سے تعلق رکھنے والے مقررین نے مظاہرے کی شرکاء کو یقین دلایا کہ وہ ڈگری کالج دالبندین کے مسائل ڈرافٹ کی صورت میں وزیر اعلیٰ بلوچستان ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ کے سامنے رکھیں گے۔ مقررین نے واضع کیا کہ اگر ڈگری کالج دالبندین کے بنیادی مسائل ایک ہفتے میں حل نہ ہوئے تو طلباء کے ساتھ مل کر آئندہ کا لائحہ عمل طے کیا جائے گا کیونکہ بی ایس او پجار کا بنیادی مقصد بھی بلوچستان کے تعلیمی مسائل کو اجاگر کرنا ہے تاکہ تعلیم یافتہ بلوچستان کی تشکیل ممکن بنا کر ترقی کے اہداف حاصل کیئے جا سکیں۔