چودھری شجاعت کی جانب سے متاثرین سیلاب کو روزانہ دو وقت تازہ کھانے کی فراہمی ،

نت ہاؤس میں فری دسترخوان بھی قائم، دھاندلی سے بننے والے ارکان اسمبلی اور حکومت کو عوام سے کوئی ہمدردی نہیں ،مشاہد حسین سید، چودھری وجاہت حسین، شفاعت حسین اور دیگر رہنماؤں کے ہمراہ سیلاب زدہ علاقوں کا دورہ اور امدادی سامان کی تقسیم

منگل 9 ستمبر 2014 21:46

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔9ستمبر 2014ء) پاکستان مسلم لیگ کے صدر و سابق وزیراعظم سینیٹر چودھری شجاعت حسین نے کہا ہے کہ متاثرین سیلاب کی امداد ہمارا احسان نہیں فرض ہے۔ وہ گجرات کے سیلاب زدہ دیہات کے دورہ کے موقع پر متاثرین سے گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے سیلاب زدگان میں امدادی سامان بھی تقسیم کیا۔ اس موقع پر چودھری وجاہت حسین، چودھری شفاعت حسین، میاں عمران مسعود، خالد اصغر گھرال اور دیگر رہنما بھی ہمراہ تھے۔

چودھری شجاعت حسین نے مزید کہا کہ آپ کیلئے یہ ایک مشکل وقت ہے، جہاں بھی کوئی مسائل کا شکار ہو گا ہم اس کے پاس پہنچیں گے اور مکمل بحالی تک ہم آپ کے ساتھ رہیں گے۔ انہوں نے کہا کہ آپ نے بدترین دھاندلی کے باوجود پچھلے الیکشن میں چودھری پرویزالٰہی کو کامیاب کرایا اب ہمارا بھی فرض اور آپ کا حق ہے کہ ہم آپ کا خیال رکھیں۔

(جاری ہے)

چودھری شجاعت حسین نے آج سے 8 دیہات کے متاثرین سیلاب کو روزانہ دو وقت کا تازہ کھانا فراہم کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ آپ کو تازہ پکا ہوا کھانا پہنچایا جائے گا علاوہ ازیں نت ہاؤس میں باقاعدہ دسترخوان بھی قائم کر دیا گیا ہے جہاں آ کر بھی متاثرین کھانا کھا سکتے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ دھاندلی سے بننے والے ارکان اسمبلی اور حکومت کو عوام سے کوئی ہمدردی نہیں۔ پاکستان مسلم لیگ کے مرکزی سیکرٹری جنرل سینیٹر مشاہد حسین سید نے کہا کہ سیلاب کی آفت کے ساتھ کوئی اکیلا نمٹ نہیں سکتا بلکہ ہم سب مل کر ہی اس آفت کا مقابلہ کر سکتے ہیں۔ چودھری شجاعت حسین آپ کے مسائل حل کرنے کیلئے آپ کے پاس آئے ہیں انشاء اللہ آپ کو روزمرہ استعمال کی اشیاء فراہم کی جائیں گی اور اس سلسلہ میں باقاعدہ ایک سیل قائم کر دیا گیا ہے۔

متعلقہ عنوان :