سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتوں اور دیواروں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں ،محمودخان

جمعہ 12 ستمبر 2014 16:53

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12ستمبر 2014ء) خیبر پختونخوا کے وزیر برائے آبپاشی محمود خان نے متعلقہ حکام کوکٹھہ احمد زئی سمیت صوبے کے تمام ایریگیشن سول چینل میں پانی کی کمی کو پورا کرنے اور نہروں سے پانی کے ضیاع کی روک تھام کرنے کی ہدایت کی ہے تاکہ صوبے میں کاشتکاروں کے مسائل حل ہوں اور زرعی پیداوار میں اضافہ کر کے معیشت کو مستحکم کیا جا سکے۔

یہ ہدایت انہوں نے کٹھہ احمد زئی پشاور میں پانی اور اس سے سیراب ہونے والی زمینوں کا جائزہ لینے کے حوالے سے جوگنئی میں کاشتکاروں اور معززین علاقہ سمیت سرکاری افسران سے بات چیت کرتے ہوئے دی۔ اس موقع پر اراکین صوبائی اسمبلی ارباب جہانداد خان اور محمود جان کے علاوہ ایگزیکٹو انجنئیر پشاور کینال اور اسد زمان بھی موجود تھے۔

(جاری ہے)

اپنے مسائل کا ذکر کرتے ہوئے کاشتکاروں نے صوبائی وزیر کو بتایا کہ کٹھہ احمد زئی میں عرصہ دراز سے پانی کی کمی ہے جس کے باعث ہزاروں ایکڑ قیمتی زرعی اراضی بنجر ہو رہی ہے جس پر صوبائی وزیر نے ایکشن لیتے ہوئے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ وہ کاشتکاروں کی امنگوں کے مطابق اس مسئلے کے حل کیلئے فوری قدم اٹھائیں اور درپیش رکاوٹوں کو ان کے نوٹس میں لائیں تاکہ انہیں دور کر کے بر وقت پانی کی فراہمی کو یقینی بنایا جا سکے ۔

صوبائی وزیر نے کہا کہ ہمارے صوبے کے لوگوں کا ذریعہ معاش زراعت ہے اور پی ٹی آئی کی حکومت اس شعبہ کی اہمیت کے پیش نظر اسے مزید فعال اور مستحکم بنانے کیلئے ترجیحی بنیادوں پر بھر پور اقدامات کر رہی ہے ۔ انہوں نے ایکسیئن پشاور کینال کو یہ بھی ہدایت کی کہ سیلاب سے بچاؤ کیلئے حفاظتی پشتوں اور دیواروں پر کام کی رفتار تیز کرکے انہیں جلد از جلد پایہ تکمیل تک پہنچائیں تاکہ سیلابوں کے دوران عوام کے جان و مال کو نقصانات سے محفوظ بنایا جا سکے۔صوبائی وزیر نے حلقہ پی کے 7اور 9کے مختلف مواضعات جہانگیر پورہ ، جوگنئی ، ادیزئی اور کٹھہ کانیزہ کا تفصیلی دورہ کیا اور کاشتکاروں سے ان کے مسائل معلوم کئے۔

متعلقہ عنوان :