رحیم یار خان، تاریخ میں پہلی مرتبہ سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے کا اعزاز بھارت کو حاصل ہونے کا امکان

جمعہ 12 ستمبر 2014 21:19

رحیم یار خان(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔12ستمبر 2014ء ) تاریخ میں پہلی مرتبہ دنیا بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے کا اعزاز چین کی جگہ بھارت کو حاصل ہونے کا امکان۔ دنیا کے معروف زرعی ادارے یونائیٹڈ اسٹیٹس ڈیپارٹمنٹ آف ایگریکلچر (یو ایس ڈی اے) کی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کاٹن ائیر 2014-15ء میں بھارت میں 30 ملین روئی کی بیلز (480پاؤنڈ) پیدا ہونے کا امکان ہے جبکہ اسی سال چین میں 29.50 ملین روئی کی بیلز پیدا ہونے کے اعدادوشمار ظاہر کیے گئے ہیں ۔

ممبر پاکستان کاٹن جنرز ایسوسی ایشن (پی سی جی اے) احسان الحق نے بتایا کہ 1966ء جب سے یو ایس ڈی اے کپاس کے پیداواری اعدادوشمارجاری کر رہا ہے ،کے بعد پہلی مرتبہ چین کی بجائے بھارت کو دنیا بھر میں سب سے زیادہ کپاس پیدا کرنے والا ملک ڈیکلیر کیا گیا ہے جس کی بڑی وجہ بھارت میں کپاس کی کاشت پہلے سے زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ فی ایکڑ پیداوار میں بھی غیر معمولی اضافہ بتایا جا رہا ہے ۔

(جاری ہے)

انہوں نے بتایا کہ یو ایس ڈی اے کی جانب سے جاری ہونے والی تازہ ترین رپورٹ کے مطابق کاٹن ائیر 2014-15ء میں بھارت میں 30ملین روئی کی بیلز ،چین میں 29.50 ملین ،آسٹریلیا میں 16.54 ملین جبکہ پاکستان میں 9.5 ملین روئی کی بیلز پیدا ہونے کے امکانات ہیں جبکہ 2014-15ء کے روئی کے اینڈنگ اسٹاکس 10 کروڑ 62 لاکھ 90 ہزار بیلز ہونے کیامکانات ظاہر کیے گئے ہیں جو پہلے تخمینوں کے مقابلے میں 12 لاکھ 10 ہزار بیلز زیادہ ہونے کے ساتھ ساتھ تاریخ کے سب سے زیادہ روئی کے اینڈنگ اسٹاکس ہیں ۔

رپورٹ کے مطابق 2014-15ء کے دوران پاکستان میں روئی کی کھپت پہلے تخمینوں 1 کروڑ 10 لاکھ بیلز کے بجائے 1 کروڑ 5لا کھ بیلز ہونے بارے بھی رپورٹ جاری کی گئی ہے جبکہ 2014-15ء کے دوران بین الاقوامی منڈیوں میں روئی کی قیمت 58 سینٹ سے 70 سینٹ فی پاؤنڈ رہنے کے امکانات ہیں۔

متعلقہ عنوان :