پاکستان کا ہرمشکل وقت میں ساتھ دیں گے:کینیڈا،

پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے،گریگ گیوکاس

ہفتہ 13 ستمبر 2014 22:26

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13ستمبر 2014ء) پاکستان میں کینیڈا کے ہائی کمشنرگریگ گیوکاس نے کہا ہے کہ کینڈا نے پاکستان کا ہرمشکل وقت میں ساتھ دیا اور آئندہ بھی دیں گے، پاکستان اور کینیڈا کے تعلقات مستقبل میں مزید مضبوط ہوں گے۔ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان سپورٹس کمپلیکس کے مصحف سکواش کمپلیکس میں شمالی وزیر ستان میں دہشت گردوں کے خلاف جاری آپریشن کے باعث بے گھر ہونے والے بچوں سے اظہار یکجہتی کے لئے پہلا کمیونٹی ایمپاورمنٹ مکسڈ ڈبل سکواش ٹورنامٹ کی اختتامی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

انہوں نے کہا کہ 2005ء میں آنے والے زلزلے میں کینیڈین حکومت نے 315ملین ڈالر کی امداد پاکستان کو فراہم کی، کینیڈا اور پاکستان کے تعلقات بہت دیرینہ ہیں، کینیڈا نے ہمیشہ مشکل وقت میں پاکستان کا ساتھ دیا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ متاثرین کی مدد کیلئے کھیلوں کے ذریعے بہت سا فنڈ جمع کیا جاسکتا ہے، کینیڈا ہمیشہ ایسے ایونٹس کی تعریف کرتا ہے جس کا مقصد دکھی انسانیت کی خدمت کیلئے فنڈز اکٹھا کرنا ہو۔

انہوں نے کہا کہ کھیل واحد راستہ ہے جس کے ذریعے ذہنی تناؤ کے شکار لوگوں کو باہر نکال سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے نوجوان کھلاڑیوں میں بہت ٹیلنٹ موجود ہے وہ مختلف کھیلوں میں بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرکے اپنے ملک کا نام پوری دنیا میں مشہور کرسکتے ہیں۔اختتامی تقریب سے قبل کھیلے گئے ٹورنامنٹ کے فائنل میچ میں دانش اطلس /رفعت خان کی جوڑی نے مقدس اشرف /فرحان زمان کو2-1سے شکست دی۔ کینیڈین ہائی کمشنر نے چیمپئن شپ میں شرکت کرنے والے کھلاڑیوں میں شیلڈز تقسیم کیں

متعلقہ عنوان :