چیف جسٹس دھاندلی زدہ حکومت کو معطل کریں اور قومی حکومت قائم کریں،

جو بے رحم احتساب اور انتخابی اصلاحات کے بعد شفاف الیکشن کروائے،صاحبزادہ حامد رضا

جمعرات 25 ستمبر 2014 20:38

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔25ستمبر 2014ء) سنی اتحاد کونسل پاکستان کے چیئرمین صاحبزادہ حامد رضا نے کہا ہے کہ چیف جسٹس دھاندلی زدہ حکومت کو معطل کریں اور قومی حکومت قائم کریں جو بے رحم احتساب اور انتخابی اصلاحات کے بعد شفاف الیکشن کروائے۔ قوم آپریشن ضربِ عضب کی کامیابی پر پاک فوج کو سلام پیش کرتی ہے۔ حقیقی جمہوریت لانے کے لیے وڈیرہ شاہی کلچر کو پاش پاش کرنا ہو گا۔

سنی اتحاد کونسل کے عہدیداران و کارکنان عید قربان سیلاب متاثرین کے ساتھ منائیں گے۔ استحصال زدہ لوگ اپنے حقوق کے لیے کھڑے ہو چکے ہیں۔ اب حکومت مخالف عوامی آوازوں کو دبانا ممکن نہیں رہا۔ موروثی سیاست کے علمبردار دھن، دھونس، دھاندلی کے نظام کو بچانے کے لیے ہاتھ پاؤں مار رہے ہیں۔ سکاٹ لینڈ والوں کی طرح کشمیریوں کو بھی ریفرنڈم کا حق ملنا چاہیے۔

(جاری ہے)

حکومت بدحواسی اور ناکامی سے دوچار ہے۔ 12 اکتوبر 1999 کو نواز شریف کی حکومت ختم ہوئی تو زرداری نے جیل میں مٹھائی تقسیم کی تھی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مفتی محمد سعید رضوی کی قیادت میں ملاقات کرنے والے علماء و مشائخ کے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ صاحبزادہ حامد رضا نے مزید کہا کہ ڈاکٹر طاہرالقادری مقبول اور محبوب عوامی لیڈر بن چکے ہیں۔

دھرنے کے شرکاء نے قوم کے جذبوں کی ترجمانی کا حق ادا کر دیا ہے۔ نئے افغان حکمران خطے میں دہشت گردی کے خاتمے کے لیے اپنا کردار ادا کریں۔ سپریم کورٹ بجلی صارفین سے اربوں روپے کی اضافی وصولی کا نوٹس لے۔ بھاری مینڈیٹ ملک کے لیے بھاری ثابت ہوا ہے۔ لاہور میں تحریک انصاف کے جلسے کا خیرمقدم کرتے ہیں۔ حکومت نے چار حلقے نہیں کھولے اور اب بہت کچھ کھل رہا ہے۔ پارلیمنٹ کے مشترکہ اجلاس میں عوامی مسائل پر گفتگو کی بجائے ”راگ درباری“ گایا جاتا رہا۔ انقلاب کے نتیجے میں پاکستان کا زوال کمال میں بدل جائے گا۔

متعلقہ عنوان :