کوئٹہ، مسیحی تعلیمی ادارے فروغ تعلیم میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ،ولیم برکت

منگل 30 ستمبر 2014 16:36

کوئٹہ ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔30تمبر۔2014ء) مسیحی تعلیمی ادارے تعلیم کے فروغ میں نمایاں کردار ادا کررہے ہیں ان خیالات کااظہار پشتونخوامیپ کے ممبر صوبائی اسمبلی ولیم برکت نے سینٹ مائیکل ہائی سکول کوئٹہ کینٹ میں اپنے فنڈز سے 45عدد جدید کمپیوٹرز کی فراہمی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں کیا جس کے وہ مہمان خصوصی تھے انہوں نے کہاکہ اس ادارے نے بہترین ڈاکٹرز قابل اساتذہ وطن کی سرحدوں کی حفاظت کرنے والے دلیر نوجوان سیاست کے میدان میں بھی منجھے ہوئے سیاسی رہنماء پیدا کئے ہیں 1990ء میں بلوچستان اسمبلی کے تین ارکان اس ادارے کے تعلیم یافتہ تھے جو تینوں صوبائی وزیر بھی رہے موجودہ اسمبلی میں بھی دو ارکان اس ادارے سے پڑھے ہوئے ہیں انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ وہ تعلیمی معیار کو مزید بہتر بنائیں تاکہ والدین اپنے بچوں کو یہاں داخل کرانے میں فخر محسوس کریں اس مقصد کیلئے وہ اپنی خدمات بھی پیش کرنے کو تیار ہیں اس موقع پر طلباء وطالبات نے چاروں صوبوں کی ثقافت پیش کی جسے مہمان خصوصی نے بہت سراہا اور ادارے کیلئے 50ہزار روپے کی گرانٹ کا بھی اعلان کیا بعد میں انہوں نے اپنے فنڈز سے قائم کمپیوٹر لیب کا افتتاح کیا اور فراہم کردہ کمپیوٹرز کی کارکردگی کا معائنہ کیا اس سے پیشتر جب وہ سکول پہنچے تو پرنسپل میں نرگس طارق پرنسپل سینٹ جوزف کانونٹ ہائی سکول پرنسپل سیکرڈ ہارٹ گرلز ہائی سکول اور اساتذہ نے ان کا استقبال کیا بچوں نے پھولوں کے گلدستے پیش کئے اور گل پاشی کی ۔