قصور،ڈکیتی ،راہزنی ،اور چوری کی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے کے طلائی زیورات، نقدی، ٹریکٹر ٹرالی ،اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر فرار

ہفتہ 11 اکتوبر 2014 19:32

قصور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔11اکتوبر 2014ء) قصور اور اس کے نواح میں ڈکیتی راہزنی ،اور چوری کی وارداتوں میں ڈاکو لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات،نقدی رقم، ٹریکٹر ٹرالی ،اور دیگر قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے جبکہ ڈکیتی کے ایک واقعہ میں ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار کو ہلاک اور دوخواتین سمیت 4افراد کو شدید زخمی کر دیا ۔تفصیلات کے مطابق گنڈا سنگھ والا کے نواح بی آر بی نہر برج کلاں کے قریب محمد آصف ٹریکٹر ٹرالی پر اپنے گاؤں جا رہا تھا کہ راستہ میں ناکہ زن ڈاکوؤں نے اسلحہ کی نوک پر روک کر ٹریکٹر ٹرالی چھین لی ۔

مصطفےٰ آباد للیانی میں بابر اقبال کے گھر داخل ہونیوالے چور لاکھوں روپے مالیت کے طلائی زیورات،نقدی ،موبائل فونز اور دیگر گھر کا قیمتی سامان لوٹ کر لے گئے ۔

(جاری ہے)

اسی طرح نواحی گاؤں چوہا چرمٹ کے قریب ناکہ زن ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار نیاز احمد احمد علی اور ذکریا کو اسلحہ کی نوک پر روک کرلوٹنے کی کوشش کی تو مزاحمت کرنے پر ڈاکوؤں نے فائرنگ کر دی جس کے نتیجہ میں نیاز احمد موقع پر ہلاک اور احمد علی اور اس کا ساتھی ذکریا شدید زخمی ہو گئے جنہیں طبی امداد کیلئے ڈی ایچ کیو ہسپتال پہنچا دیا گیا ہے ۔

مصطفےٰ آباد میں محمد رمضان کی حویلی میں داخل ہونیوالے ڈاکو 3بکرے اور دیگر سامان لوٹ کرچلتے بنے ۔جبکہ چونیاں کے نواح موضع ڈھوس کے قریب کار میں سوار محمد صابر اپنے اہل خانہ کے ہمراہ گاؤں آ رہے تھے کہ راستہ میں داکوؤں نے انہیں لوٹنے کی غرض سے فائرنگ کی جس کے نتیجہ میں عذرا بی بی اور اقصیٰ اکبر شدید زخمی ہو گئیں اسی اثناء پیچھے سے آنے والی ایک اور کار کو ڈاکوؤں نے روک کر لوٹ لیا اطلاع پا کر پولیس جائے وقوعہ پر پہنچی تو ڈاکوؤں کے مابین فائرنگ کے تبادلہ میں پولیس کی گاڑی تباہ ہو گئی اور ڈاکو فرار ہونے میں کامیاب ہو گئے ۔

دریں اثناء پتو کی صدر چک 39اعوان کے قریب ڈاکوؤں نے موٹر سائیکل سوار فیض احمد کو اسلحہ کی نوک پر روک کر ایک لاکھ روپے کی نقدی سے محروم کردیا۔پولیس مصروف تفتیش ہے