․ کراچی کا جلسہ تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا خارج کر دے گا حاجی گلزار احمد

تجزیہ نگار بلاول کی شکل میں بھٹو شہید کی شخصیت کو دیکھ رہے ہیں  اجلاس سے خطاب

اتوار 12 اکتوبر 2014 16:40

گوجر خان (اُردو پوائنٹ اخبارتاز ترین ۔2 1اکتوبر 2014ء) پاکستان پیپلز پارٹی پنجاب کونسل کے ممبر اور حلقہ این اے 57 کے سابق امیدوار حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا ہے کہ کراچی میں ہونے والے جلسے میں شرکت کیلئے راولپنڈی ڈویژن سے پی پی پی کے کارکنوں کے قافلے مقامی قیادت کی سربراہی میں بھر پور تیاری کے ساتھ روانہ ہونگے ․ کراچی کا جلسہ تحریک انصاف کے غبارے سے ہوا خارج کر دے گا ․ ہم بھٹو کی اس سیاست کو زندہ کریں گے اور اسے فروغ دیں گے جس نے پاکستان کو ایٹمی طاقت بنا کر دشمن کو محض دھمکیوں تک محدود کر دیا ہے ورنہ آج بھارت اپنی دھمکیوں کو عملی شکل دے دیتا ․ انہوں نے یہ بات امن ہاؤس پشاور روڈ راولپنڈی میں کراچی جلسے میں شرکت کی تیاریوں کے سلسلے میں کارکنوں کے ایک اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی ․ انہوں نے کہا کہ ضلع اٹک میں مقامی قیادت کے ساتھ سابق وزیر اعظم راجہ پرویز اشرف کی ملاقات ایک بڑے جلسے کی شکل اختیار کر گئی جو اس بات کا ثبوت ہے کہ پاکستان پیپلز پارٹی اپنی کھوئی ہوئی عوامی مقبولیت دوبارہ حاصل کر رہی ہے ․ ہم اپنی جماعت میں شہید بھٹو اور محترمہ بے نظیر بھٹو کے دور والی روح پھونک کر دم لیں گے ․ انہوں نے کہا کہ پی پی پی کی مرکزی قیادت نے پارٹی کو فعال اور متحرک بنانے کیلئے ملک بھر میں مقامی قائدین اور کارکنوں کے ساتھ روابط شروع کر دئیے ہیں اور پارٹی کی تنظیم سازی کیلئے کارکنوں کی مشاورت سے کام تیز کر دیا گیا ہے․حاجی محمد گلزار اعوان نے کہا کہ ہمارے گذشتہ پانچ سالہ دور حکومت نے ثابت کی ہے کہ آصف علی زرداری ایک زیرک اور مدبر سیاستدان ہیں جو اپنی شہید لیڈر شپ کے ویژن کو لیکر کارکنوں کو مجتمع کر رہے ہیں ․ بلاول بھٹو زرداری کا جوان قیادت میں پارٹی کے اندر ایک روح داخل ہو رہی ہے اور تجزیہ نگار بلاول کی شکل میں بھٹو شہید کی شخصیت کو دیکھ رہے ہیں