انٹر میڈیٹ پارٹ Iکے پرچوں کی مارکنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کیخلاف طلبہ و طالبات کے احتجاج میں شدت آ گئی

منگل 21 اکتوبر 2014 16:52

لاہور( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔21 اکتوبر۔2014ء) انٹر میڈیٹ پارٹ Iکے پرچوں کی مارکنگ میں مبینہ بے ضابطگیوں کیخلاف طلبہ و طالبات کے احتجاج میں شدت آ گئی ، مختلف کالجز کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے پولیس رکاوٹیں توڑتے ہوئے لاہور بورڈ سے گورنر ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی اور مظاہرہ کیا جس سے ٹریفک کا نظام گھنٹوں معطل رہا، پولیس کی طرف سے روکے جانے پر طلبہ و طالبات ” گو نواز گو “ کے نعرے بھی لگاتے رہے ،مظاہرین نے گورنر ہاؤس کے ذمہ داران کی طرف سے دو روز میں معاملہ حل کرنے کی یقین دہانی پر احتجاج ختم کر دیا ۔

تفصیلات کے مطابق انٹر میڈیٹ پارٹ Iکے نتائج کا اعلان ہونے کے بعد طلبہ و طالبات کی طرف سے پرچوں میں مبینہ بے ُضابطگیوں کیخلاف احتجاج کا سلسلہ شروع ہو گیا تھا جس میں گزشتہ روز شدت آ گئی ۔

(جاری ہے)

گزمختلف کالجز کے سینکڑوں طلبہ و طالبات نے گزشتہ روز لاہو ربورڈ کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا جسکے بعد ریلی کی صورت میں گورنر ہاؤس تک مارچ کا فیصلہ کیا گیا ۔

چائنہ چوک میں پولیس نے طلبہ و طالبات کو گورنر ہاؤس کی طرف بڑھنے سے روکنے کیلئے رکاوٹیں کھڑی کر دیں جس پر طلبہ و طالبات مشتعل ہو گئے اور ” گو نواز گو “ کے نعرے لگانے شروع کردئیے اور بعد ازاں تمام رکاوٹیں ہٹاتے ہوئے شاہراہ ایوان صنعت و تجارت سے ہوتے ہوئے گورنر ہاؤس تک احتجاجی ریلی نکالی ۔ اس دوران ملحقہ سڑکوں پرٹریفک کا دباؤ بڑھنے سے ٹریفک کا نظام گھنٹوں معطل رہا ۔

طلبہ و طالبات نے گورنر ہاؤس کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا اور پرچوں کی دوبارہ مارکنگ کے مطالبات پر مبنی نعرے لگاتے رہے۔ اس موقع پر پولیس کی بھاری نفری بھی گورنر ہاؤس کے سامنے تعینات رہی۔ سیکرٹری ٹو گورنر پنجاب نے طلبہ کے وفد کوگورنر ہاؤس کے اندر طلب کر کے مطالبات سے آگاہی حاصل کی ۔ گورنر ہاؤس کے ذمہ داران نے یقین دہانی کرائی انکے مطالبات گورنر پنجاب تک پہنچائے جائیں گے اور دو روز میں اس معاملے کو حل کرایا جائے گاجس پر مظاہرین نے احتجاج ختم کردیا۔ مظاہرین کا کہنا تھاکہ اگر دو روز میں ہمارے مطالبات پورے نہ کئے گئے تو ایوان وزیر اعلیٰ اور پنجاب اسمبلی کا گھیراؤ کیا جائے گا۔

متعلقہ عنوان :