بھارت کو ہٹ دھرمی مہنگی پڑ سکتی ہے‘امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے،وفاقی وزیر دفاعی پیداوار

منگل 28 اکتوبر 2014 12:54

شیخو پورہ(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔28 اکتوبر۔2014ء) وفاقی وزیر دفاعی پیداوار رانا تنویر حسین نے کہا ہے کہ حکومت کی اقتصادی پالیسیوں کی بدولت آج پاکستان میں دوست ممالک اربوں ڈالر کی سرمایہ کاری کررہے ہیں ۔چین کے صدر بہت جلد پاکستان آئیں گے جس کی تصدیق پاکستان میں چینی سفیر نے کردی ہے۔چین کے صدر کے مجوزہ دورہ پاکستان سے دونوں ممالک کے درمیان اربوں ڈالر کے معاہدے ہوں گے جس سے ملک میں توانائی کے بحران کو حل کرنے کے ساتھ روز گار کے مواقع میسر آئیں گے۔

ان خیالات کا اظہار انہوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، انہو ں نے کہاکہ پاکستان ایک ذمہ دار ایٹمی طاقت ہے ۔بھارت کی طرف سے لائن آف کنٹرول کی مسلسل خلاف ورزی اور بلا اشتعال فائرنگ کا پاک فوج کے جوان منہ توڑ جواب دے رہے ہیں۔

(جاری ہے)

مودی سرکار ہوش کے ناخن لے اور لائن آف کنٹرول کی خلاف ورزی کو فوری بند کرے۔ بھارت کو ہٹ دھرمی مہنگی پڑ سکتی ہے ۔

امن کو ہماری کمزوری نہ سمجھا جائے اسے ایسے جواب ملے گا کہ بھارت کی آنے والی نسلیں مودی سرکار کو کبھی معاف نہیں کریں گی ۔پاکستان انتہائی مشکل دور سے گزر رہا ہے تاہم حکومت وقت ملک کو توانائی،گیس کے بحران اور دہشت گردی کو جڑ سے ختم کر کے ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کرنے میں انشاء اللہ کامیاب ہوگی ۔ملک کو درپیش مسائل سے نکالنے کے لئے حکومت انقلابی نوعیت کے اقدامات اٹھارہی ہے ۔۔انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ (ن) مفاہمت کی سیاست اور جمہوری اقدار کو فروغ دے رہی ہے ۔عمران خان دھرنا چھوڑ کر پارلیمنٹ میں آ کر بات کریں ان کے جائز مطالبات کو تسلیم کریں گے

متعلقہ عنوان :