پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے گارڈز اور کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا

جمعہ 7 نومبر 2014 11:52

پی ٹی آئی رہنما علیم خان کے گارڈز اور کارکنوں میں جھگڑا ہوگیا

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔7نومبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف کے رہنما عبدالعلیم خان سے ملاقات کیلئے جانے والے کارکنوں اور گارڈز میں جھگڑا ہو گیا۔مشتعل کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا، عبدالعلیم خان اور گارڈز کیخلاف تشدد کے الزام میں مقدمے کی درخواست دے دی۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف کے کارکنوں کے مطابق وہ پارٹی رہنما عبدالعلیم خان سے ملاقات کے لیے کینٹ میں ان کے دفتر گئے جہاں ملاقات نہ ہونے پر کارکنوں اور گارڈز میں جھگڑا ہو گیا،مشتعل کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے دھرنا دے دیا اور ”گو علیم گو“ کے نعرے لگاتے رہے۔

میڈیا کے پہنچنے پر پی ٹی آئی کے مقامی رہنما محمد مدنی نے انہیں کوریج سے روکا اور دھمکیاں دیں۔ کارکنوں نے الزام عائد کیا کہ علیم خان کے کارندوں نے انہیں تشدد کا نشانہ بنایاجس سے بعض کارکن زخمی ہوگئے،کارکن عبدالعلیم کےخلاف ایف آئی آر درج کرانے لبرٹی تھانے پہنچ گئے۔ پی ٹی آئی کے رہنما مراد راس کارکنوں کی منت سماجت کرتے رہے تاہم کارکنوں کا کہنا تھا کہ وہ درخواست واپس نہیں لیں گے۔ تحریک انصاف لاہورکے ترجمان شعیب صدیقی کا کہنا تھا کہ یہ دوگروپوں میں جھگڑا تھا، گارڈز نے کسی کو نہیں پیٹا ہے ۔