چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، اٹارنی جنرل کو مزید مہلت مانگنے کی ہدایت

جمعرات 13 نومبر 2014 10:43

چیف الیکشن کمشنر کی تقرری، اٹارنی جنرل کو مزید مہلت مانگنے کی ہدایت

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔13نومبر 2014ء) چیف الیکشن کمشنر کے تقرر کے لئے سپریم کورٹ کی ڈیڈ لائن کا آج آخری روز ہے۔ تاہم حکومت کی جانب سے مہلت مانگنے کیلئے اٹارنی جنرل سپریم کورٹ پہنچ گئے۔ حکومت نے اٹارنی جنرل کو ہدایت کی کہ عدالت کو بتایا جائے کہ 2 نام شارٹ لسٹ کیے گئے تھے تاہم بے جا تنقید کی وجہ سے دونوں معزز شخصیات نے تقرری سے انکار کر دیا۔

واضح رہے عدالت عظمیٰ کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے دی گئی ڈیڈ لائن 13 نومبر تھی ابھی تک حکومت اور اپوزیشن کسی نام پر متفق نہیں ہو سکیں۔ جسٹس ریٹائرڈ رانا بھگوان داس اور سابق چیف جسٹس تصدق حسین جیلانی کے انکار کے بعد اب جسٹس ریٹائرڈ طارق پرویز کے نام پر مشاورت جاری ہے ابھی تک کسی پارٹی کی طرف سے ان پر اعتراض سامنے نہیں آیا۔

(جاری ہے)

تحریک انصاف اور جماعت اسلامی نے جسٹس ریٹائرڈ ناصر اسلم کا نام دیا جس پر حکومت اور اپوزیشن لیڈر متفق نہیں۔ سیاسی سطح پر کسی نام پر اتفاق رائے نہ ہو سکا تو وزیراعظم اور اپوزیشن لیڈر تین، تین نام پارلیمانی کمیٹی کو بھجوائیں گے۔ کمیٹی چودہ روز میں چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کا فیصلہ کرے گی۔ سپریم کورٹ نے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کیلئے پہلے اٹھائیس اکتوبر کی ڈیڈ لائن دی تھی لیکن اپوزیشن لیڈر سید خورشید شاہ کی درخواست پر اس میں تیرہ نومبر تک توسیع کی گئی۔

متعلقہ عنوان :