حکومت کو سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے مطالبے کو فورًا تسلیم کر لینا چاہیے ‘ منظور وٹو

جمعرات 13 نومبر 2014 20:44

لاہور ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 13نومبر 2014ء ) پیپلز پارٹی پنجاب کے صدر میاں منظور احمد وٹو نے کہا ہے کہ حکومت کو پاکستان تحریک انصاف کے سپریم کورٹ کے جوڈیشل کمیشن کے ذریعے مبینہ انتخابی دھاندلیوں کی تحقیقات کے مطالبے کو فورًا تسلیم کر لینا چاہیے ۔ یہ بات انہوں نے جمعرات ک روز یہاں پیپلز پارٹی ضلع نارووال کے ایک وفد سے باتیں کرتے ہوئے کہی ،انکے ہمراہ وائس پریذیڈنٹ پیپلز پارٹی اور سابق وفاقی وزیر چوہدری طارق انیس بھی تھے۔

میاں منظور وٹو نے کہا کہ عمران خان کو بھی جوڈیشل کمیشن کے ساتھ ایم آئی اور آئی ایس آئی کے نمائندوں کی شمولیت کے مطالبے کو چھوڑ دینا چاہیے کیونکہ سپریم کورٹ کے ججز اسطرح کی شمولیت کو پسند نہیں کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ ملک و قوم اس محاذ آرائی کی پالیسی کی وجہ سے شدید نقصان کا باعث بنی ہے، اس لیے دونوں پارٹیوں کو ملک اور قوم کا احساس کرتے ہوئے ایکدوسرے کے مطالبے تسلیم کرتے ہوئے ملک کو اس عذاب سے جلد از جلد نجات دلانی چاہیے۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ اس طرز سیاست کی وجہ سے ملک کی دنیا میں بڑی جگ ہنسائی ہوئی ہے۔ میاں منظور احمد وٹو نے پیپلز پارٹی کے ضلع نارووال کے پارٹی عہدیداران سے کہا کہ وہ اپنے ضلع میں پارٹی کو فعال بنانے کے لیے شب و روز محنت کریں۔ انہوں نے مزید کہا کہ ضلع نارووال کی پارٹی کے ضلعی صدر کی تعیناتی آئندہ چند ورز میں کر دی جائے گی۔ میاں منظور احمد وٹو نے کہا کہ پیپلز پارٹی ملک کی سب سے بڑی جماعت ہے اور چےئرمین بلاول بھٹو کی قیادت میں پارٹی ایک دفعہ پھر پاکستان کے سیاسی افق پر ابھرے گی ۔

انہوں نے مزید کہا کہ پارٹی کے ناراض کارکن اور عہدیدار چےئرمین بلاول بھٹو کی آواز پر بغیر کسی ہچکچاہٹ کے پارٹی میں جوق در جوق واپس آئیں گے۔ وفد میں مسعود بسرا ایڈووکیٹ، میاں فیاض، حسنین شاہ، خواجہ اظہر، حافظ محمد عمران بھٹی، حاجی امین اختر وغیرہ شامل تھے۔

متعلقہ عنوان :