حکومت پنجاب نے اب تک فروغ تعلیم کے تمام ٹارگٹ بروقت پورے کئے ہیں‘ رانا مشہود احمد خاں

پیر 17 نومبر 2014 19:47

لاہور ( اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء) وزیر تعلیم پنجاب رانا مشہود احمد خاں نے کہا ہے کہ حکومت پنجاب نے عالمی اداروں کے تعاون سے تعلیم کو فروغ دینے کے تمام پراجیکٹس کو روڈ میپ کے مطابق آگے بڑھایا ہے اور اس حوالے سے تمام ٹارگٹ بروقت پورے کئے گئے ہیں، ایک حالیہ سروے کے مطابق پنجاب میں آؤٹ آف سکول بچوں کی تعداد میں خاطر خواہ کمی ہوئی ہے، ضرورت اس بات کی ہے کہ گلوبل ویلج کے تقاضوں پر پورا اترنے کے لئے صوبے کے تعلیمی نظام میں تیسری جماعت کے بعد انگریزی کو بطور میڈیم آف انسٹرکشن اپنانے کے لئے بچوں کے ذہنی میلان کے مطابق سائنٹفک طریقے سے اساتذہ اور طلباء دونوں کو آگاہ کیا جائے تاکہ پاکستانی قوم آگے چل کر جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کے قابل ہو سکے۔

انہوں نے یہ بات پیر کے روز برٹش کونسل اور ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ پنجاب کے اشتراک سے گزشتہ سال شروع کئے گئے پانچ سالہ پراجیکٹ پنجاب ایجوکیشن اینڈانگلش لینگوئج انیشی ایٹو(PEELI) کا پہلا سال مکمل ہونے کے موقع پر تقریب سے خطاب میں کہی۔

(جاری ہے)

برٹش کونسل کے چیف ایگزیکٹو آفیسر مارٹن ڈیو ڈ سن ،کنٹری ڈائریکٹر پیٹر اپٹن ،ایریا ڈائریکٹر برٹش کونسل لاہور کیون میک لیون،ڈائریکٹر پروگرامزٹوٹی جونز اورڈائریکٹر پیلی پراجیکٹ ٹونی فشرنے بھی اظہار خیال کیا جبکہ رکن پیلی ٹیم باربرا پائن نے تقریب کے ٹیکنیکل سیشن میں مسز بیلا رضا جمیل ،ڈاکٹر تانیہ سعید اور ڈاکٹر وسیم انور کی جانب سے اٹھائے گئے مختلف سوالات کے جواب میں پیلی پراجیکٹ کے تحت اب تک کئے گئے اقدامات کی وضاحت کی۔

وزیر تعلیم رانا مشہود احمد خاں نے اپنے خطاب میں کہا کہ حکومت پنجاب کی پوری کوشش ہے کہ ٹیچرز کو درس و تدریس کے علاوہ کوئی اور اضافی ڈیوٹی دینے سے حتی الامکان اجتناب کیا جائے اور اساتذہ کرام اپنے آپ کو صرف تعلیم وتدریس کے لئے وقف کریں تاکہ سرکاری سکولوں کے معیار تعلیم میں بہتری لائی جا سکے۔انہوں نے کہا کہ دنیا چھوٹی ہو گئی ہے۔اس دنیا میں انگریزی زبان ایک ”لائف سکل“ کا درجہ رکھتی ہے اور ہم اس حقیقت سے راہ فرار اختیار نہیں کر سکتے کیونکہ ہمیں دنیا کے ساتھ چل کر ترقی کی منزلوں تک پہنچنا ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کے لئے ہمارے اساتذہ کواس صلاحیت سے بہرہ ور کرنا بہت ضروری ہے کہ وہ اپنے شاگردوں کو بہترین معیار کی تعلیم دیں سکیں۔انہوں نے اس بات پر اطمینان کا اظہارکیا کہ پیلی پراجیکٹ کے تحت پہلے سال 16 ہزار پرائمری ٹیچرز کو تربیت دی گئی ہے جبکہ 64 ہزارایلیمنٹری سکول ٹیچرزکو انگریزی زبان میں درس وتدریس کی تربیت دینے کا عمل جاری ہے ۔

اسی طرح پنجاب کے 22 اضلاع میں اب تک 1240 نئے بھرتی کئے گئے اساتذہ کو سیکنڈری انگلش لینگوئج ٹیچنگ میں تربیت دی جا چکی ہے ۔400 ماسٹر ٹرینرز صوبے کے مختلف اضلاع میں پرائمری سکول ٹیچرز کو اس حوالے سے تربیت دے رہے ہیں جس سے اب تک 86 ہزار 280 ٹیچرز برٹش کونسل کے اس پراجیکٹ کے تحت تربیت حاصل کرنے کے بعد 31 لاکھ 28 ہزار طلبا وطالبات کو نئی تکنیک کے مطابق انگریزی ،ریاضی اور سائنس سبجیکٹس پڑھا رہے ہیں۔وزیر تعلیم نے بتایا کہ حکومت پنجاب نے اب تک درج کئے گئے ایک لاکھ ٹیچرز کو ڈائریکٹوریٹ آف سٹاف ڈویلپمنٹ میں پری سروس ٹریننگ فراہم کی ہے جبکہ یہ خوش آئند بات ہے کہ صوبے کے بہت سے پرائیویٹ سکول بھی اپنے اساتذہ کی تربیت کے لئے ڈی ایس ڈی سے رجوع کررہے ہیں۔

متعلقہ عنوان :