شہبازشریف نے ہمارے دل جیت لئے ہیں، کسان اتحاد کا وزیراعلیٰ کو خراج تحسین

پیر 17 نومبر 2014 22:01

لاہور(اُردو پوائنٹ اخبار تازہ ترین۔17نومبر 2014ء)کسان اتحاد کے وفد نے وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کو زراعت کی بہتری اور ان کے جائز مطالبات کے حل کے لئے تمام تر اقدامات اٹھانے کی یقین دہانی پر خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہاکہ شہبازشریف پاکستان کی وہ سیاسی شخصیت ہیں جو برسوں کا کام دنوں میں کرانے میں اپنا ثانی نہیں رکھتے اور آج انہوں نے کسانوں کے مطالبات میں ذاتی دلچسپی لے کر ہمارے دل جیت لئے ہیں-کسان اتحاد کے وفد کے عہدیداران نے کہاکہ ہمیں یقین تھا کہ وزیراعلیٰ محمد شہبازشریف ہی ہمارے مسائل حل کراسکتے ہیں او رآج انہوں نے عملی اقدامات کے ذریعے یہ بات ثابت بھی کردی ہے - انشاء الله کاشتکار وزیراعلیٰ شہبازشریف کے وژن کے مطابق زرعی پیداوار میں اضافے کیلئے ان کا دست و بازو بنیں گے-