بلاول بھٹو زرداری کا روٹی ،کپڑا اور مکان کے ویژن پر کاربند رہنے کے عزم کا اظہار

بدھ 1 مئی 2024 19:22

بلاول بھٹو زرداری کا روٹی ،کپڑا اور مکان کے ویژن پر کاربند رہنے کے عزم ..
اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 01 مئی2024ء) پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے مزدوروں کے عالمی دن پر پیغام میں شکاگو کے شہیدوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور روٹی، کپڑا اور مکان کے ویژن پر کاربند رہنے کا عزم کا اظہار کیا ،بلاول بھٹوزرداری نے کہا کہ پاکستان کی خوشحالی اس کے محنت کشوں کی فلاح و بہبود اور وقار سے منسلک ہے،قائد عوام شہید بھٹو نے 1972ء میں ملک کی پہلی لیبر پالیسی کے ذریعے مزدوروں کے حقوق کو تحفظ دیا، قائد عوام نے لیبر پالیسی کے ذریعے مزدوروں کو مساوی نمائندگی و بااختیار بنانے کی بنیاد رکھی،بطور وزیر اعظم، شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے وہ تمام حقوق بحال کیے جو ایک آمر نے مزدوروں سے چھینے تھے،شہید محترمہ بینظیر بھٹو نے مختصر ادوارِ حکومت کے باوجود پسماندہ طبقات کو روزگار کی فراہمی کے لئے انتھک کوششیں کیں،صدر آصف علی زرداری کے سابقہ دور حکومت میں بینظیر انکم سپورٹ پروگرام اور بینظیر ایمپلائز اسٹاک آپشن اسکیم جیسے قابلِ تحسین ہیں،یہ اقدام معاشی خوشحالی اور سب کے لیے روزگار کے یکساں مواقع کے متعلق پارٹی کے غیر متزلزل عزم کے آئینہ دار ہیں،لیبر پالیسی، بینظیر مزدور کارڈ اور مزدوروں کے لیے فلیٹس کی تعمیر، سندھ حکومت کے قابلِ تحسین اقدامات ہیں،سندھ اور بلوچستان کی عوامی حکومتیں بینظیر مزدور کارڈ اور بینظیر کسان کارڈ کے ذریعے محنت کشوں کو معاشی رلیف پہنچانے کے لیے پرعزم ہیں،ملک میں اس وقت بھی مزدور طبقے کو بیشمار چیلنجز کا سامنا ہے،پیپلز پارٹی کے علاوہ دیگر سیاسی جماعتیں مزدوروں کے مسائل پر توجہ دینے کے لیے تیار نہیں ہیں،بلاول بھٹو زرداری نے اپیل کی کہ ملک بھر کے مزدور زیادہ سے زیادہ تعداد میں پاکستان پیپلز پارٹی کا حصہ بنیں، پیپلز پارٹی واحد جماعت ہے جو محنت کشوں کے مقاصد کی بھرپور حمایت اور ان کے حقوق کے تحفظ کے لیے پرعزم ہے،پیپلز پارٹی مزید ایسی قانون سازی و اصلاحات متعارف کرائے گی جو مزدوروں کے لیے اس کی حمایت اور محافظ کی حیثیت کے عین مطابق ہوں گی،پیپلز پارٹی اور معاشرے کی ریڑھ کی ہڈی محنت کش ہیں،عہد کرتے ہیں کہ پیپلز پارٹی استحصال کے خاتمے کے لیے سرگرم عمل اور محنت کشوں کے لئے امید و اتحاد کا کردار ادا کرتی رہے گی۔