بھارت پاکستان سے دوستی چاہتا ہے، اسلام آباد تعلقات بہتر کرنے کی کوشش نہیں کررہا، یقین ہے دونوں ملکوں کے تعلقات میں جلد اہم پیش رفت ہوگی،بھارتی میں دہشت گردوں کوپاکستان سے مدد مل رہی ہے،2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دلانے کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے، مقدمہ انتہائی سست روی سے چل رہا ہے ،داؤد ابراہیم پاک افغان سرحد کے ساتھ مقیم ہے

بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ کا انٹرویو

اتوار 23 نومبر 2014 14:21

بھارت پاکستان سے دوستی چاہتا ہے، اسلام آباد تعلقات بہتر کرنے کی کوشش ..

نئی دہلی (اُردو پوائنٹ اخبار تاز ترین۔ 23نومبر 2014ء) بھارتی وزیر داخلہ راج ناتھ سنگھ نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان سے دوستی چاہتا ہے ، لیکن اسلام آباد تعلقات بہتر کرنے کی کوشش نہیں کررہا، یقین ہے کہ دونوں ملکوں کے تعلقات میں جلد اہم پیش رفت ہوگی،ہندوستان میں دہشت گردوں کوپاکستان سے مدد مل رہی ہے،2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دلانے کیلئے اقدامات نہیں کیے گئے اس حوالے سے مقدمہ انتہائی سست روی سے چل رہا ہے ،داؤد ابراہیم پاک افغان سرحد کے ساتھ مقیم ہے ۔

اتوار کو بھارتی میڈیا کودئیے گئے انٹرویو میں راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ ہندوستان میں دہشت گردی کو بیرون ملک یعنی پاکستان سے مدد مل رہی ہے،راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اگرچہ ہندوستان پاکستان سے خوشگوار تعلقات قائم رکھنا چاہتا ہے مگر لگتا ہے کہ اسلام آباد نئی دہلی سے دوستانہ تعلقات کے قیام کے لیے زیادہ خواہشمند نہیں، تاہم انہوں نے پیشرفت کا عندیہ بھی دیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہاکہ ہندوستان میں دہشت گردی مکمل طور پاکستانی اسپانسر ہے، پاکستان کہتا ہے کہ اس میں غیرریاستی عناصر ملوث ہیں ۔پاکستان کی مبینہ غلطیوں کی فہرست گنواتے ہوئے راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ اس نے اب تک 2008 کے ممبئی حملوں میں ملوث افراد کو سزا دلانے کے لیے اقدامات نہیں کیے، کیونکہ اس حوالے سے مقدمہ انتہائی سست روی سے چل رہا ہے ۔پاکستان عدالتی کارروائی میں مدد نہیں کررہا۔

بھارتی وزیر نے کہا کہ داؤد ابراہیم پاکستان میں رہ رہا ہے اور متعدد درخواستوں کے باوجود پڑوسی ملک نے اسے ہندوستان کے حوالے نہیں کیا،جب پاکستانی وزیراعظم ہندوستان آئے تھے تو ہمارے وزیراعظم نے ان سے داؤد ابراہیم کو حوالے کرنے کی درخواست کی تھی، ہم اس پر پیشرفت جاری رکھے ہیں اور ہم سفارتی دباؤ قائم کرنے کی کوشش کررہے ہیں، داؤد انتہائی مطلوب ملزم ہے اور اس وقت وہ پاک افغان سرحد کے ساتھ مقیم ہے۔

جب ان سے پوچھا گیا کہ کیا ہندوستان داؤد ابراہیم کو پکڑنے کے لیے خود کارروائی کرے گا تو یہ جواب سامنے آیاہمیں وقت دیا جائے، حکمت عملی کا اعلان نہیں کیا جاتا، اس حوالے سے کوئی ٹائم فریم بھی نہیں، مگر ہم کوشش کرہے ہیں کہ پاکستان جلد از جلد داؤد ابراہیم کو ہمارے حوالے کردیے اور اس پر سفارتی دباؤ بڑھایا جارہا ہے۔راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ نئی دہلی ناصرف پاکستان بلکہ تمام پڑوسی ممالک سے دوستانہ تعلقات چاہتا ہے۔