نوجوان و تعلیم یافتہ نسل ہی پاکستان کے روشن و محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے،محمد بلیغ الرحمن

پیر 1 دسمبر 2014 18:39

لاہور(اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے کہا ہے کہ نوجوان و تعلیم یافتہ نسل ہی پاکستان کے روشن و محفوظ مستقبل کی ضمانت ہے۔تیزی سے بدلتا عالمی منظر نامہ اور جدید ٹیکنالوجی سے کما حقہ آگاہی کیلئے سائنٹیفک تعلیم و تربیت کی اہمیت سے انکار نہیں کیا جا سکتا ہے۔پاکستان کا مستقبل ہی میرٹ سے وابستہ ہے اور موجودہ حکومت وزیر اعظم میاں محمد نواز شریف کی سربراہی میں عوامی خدمت کے جذبہ سے سرشار مختلف شعبہ جات میں عوامی فلاح و بہبود کے وسیع المقاصد پروگرامز پر عمل پیرا ہے۔

ان خیالات کا اظہار وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے آغاز کیلئے یونیورسٹی آف ایجوکیشن کے طلباء و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کرنے کی تقریب بمقام رینالہ اسٹیٹ اوکاڑا کیمپس سے بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔

(جاری ہے)

تقریب میں ماسٹرز و گریجویشن لیول پر مختلف پروگرامز کے طلباء و طالبات میں میرٹ پر لیپ ٹاپ تقسیم کیئے گئے۔

وائس چانسلر یونیورسٹی آف ایجوکیشن ڈاکٹر فیض الحسن نے سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے یونیورسٹی کا اجمالی تعارف،اکیڈمک و نان اکیڈمک شعبہ جات،نمایاں اعداد و شمار،قابل فخر نتائج و دیگر امور بارے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ یونیورسٹی آف ایجوکیشن ٹیچرز ٹریننگ کے میدان میں پنجاب بھر کی جا معات کے مابین ایک منفرد اہمیت کی حامل ہے۔انھوں نے طلباء کو لیپ ٹاپ کے درست استعمال اور جدید تعلیم حاصل کرکے ملک و قوم کی سچے جذبوں کے ساتھ خدمت کرنے کا درس دیا۔

تقریب میں ممبران صوبائی اسمبلی میاں منیر،جاوید علاؤالدین، ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی،پرنسپل اوکاڑا کیمپس ڈاکٹر خالد سلیم،مختلف شعبہ جات کے صدور،ضلعی انتظامی افسران،عمائدین شہر اور اساتذہ سمیت طلباء و طالبات نے ایک کثیر تعداد میں شرکت کی۔پنڈال کو رنگ برنگی جھنڈیوں،پھولوں سے سجانے کے علاوہ تعلیم کی ضرورت و اہمیت کو اجاگر کرنے کیلئے بینرز بھی آویزاں کیئے گئے تھے۔

تقریب سے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ایچ ای سی ڈاکٹر منصور اکبر کنڈی نے بھی خطاب کیا۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے کہا کہ نوجوان کسی بھی ملک یا قوم کا قیمتی سرمایہ شمار ہوتے ہیں اور نوجوانوں کو تعلیم یافتہ،باشعور بنانے کیلئے حکومت دوررس اقدامات پر عمل پیرا ہے۔انھوں نے کہا کہ موجودہ حکومت نے تعلیم اور ریسرچ کلچر کو فروغ دینے کیلئے کثیر بجٹ مختص کیا ہے اور ایچ ای سی کو20ملین روپے صرف ریسرچ کی مد میں جاری کیئے ہیں۔

وفاقی وزیر محمد بلیغ الرحمن نے نصاب سازی کی تشکیل میں صوبوں کے ممکنہ و احسن کردار کو بھی سراہا اور طلباء کو معاشرے میں بہتری و مثبت سوچ کو پروان چڑھانے کیلئے اپنی تمام تر صلاحیتیں برؤے کار لانے کی بھی ہدایت کی۔طلباء نے لیپ ٹاپ سکیم کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے مستقبل میں بھی ایسی تعلیم دوست پالیسیوں کو جاری رکھے جانے کا اظہار کیا۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے بتا یا کہ وزیر اعظم کی خصوصی ہدایت پر پرائم منسٹر لیپ ٹاپ سکیم کے تحت پورے ملک میں ایک لاکھ لیپ ٹاپ صرف اور صرف میرٹ پر تقسیم کیئے جا رہے ہیں جو عوامی خدمت کی واضح جھلک ہے کیونکہ خدمت میں ہی عظمت ہے۔انھوں نے سابقہ ادوار حکومت میں آمرانہ پالیسیوں پر تنقید کرتے ہوئے نوجوانوں کو جمہوریت پسندانہ سوچ و عزائم کو فروغ دے کر صحیح معنوں میں ملک کے لیڈر بننے کے عزم کا اعادہ کیا۔

وفاقی وزیر مملکت برائے تعلیم محمد بلیغ الرحمن نے واضح کیا کہ دنیا کے بیشتر ممالک نے لیپ ٹاپ سکیم کو فالو کر تے ہوئے موجودہ حکومت کی واشگاف الفاظ میں تعریف کی ہے جبکہ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے اس سکیم کے تمام مراحل کو شفاف قرار دیکر حکومتی نیک نامی کو مزید بلند کر دیا ہے۔

متعلقہ عنوان :