جامعہ کراچی میں داخلے میرٹ پر دیئے جاتے ہیں، ترجمان

پیر 1 دسمبر 2014 20:03

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ یکم دسمبر 2014ء) گذشتہ روز بعض اخبارات میں کراچی یونیورسٹی کی داخلہ پالیسی کے ضمن میں حقائق کے منافی خبریں شائع ہوئیں ۔امرواقعہ یہ ہے کہ کراچی یونیورسٹی میں مروجہ داخلہ پالیسی صاف شفاف اور سندھ کے تمام طالب علموں کے لئے بلاتخصیص مواقع فراہم کرتی ہے۔جن شعبہ جات میں داخلے ٹیسٹ کی بنیاد پر ہورہے ہیں اس میں کوئی امتیازی سلوک نہیں رکھا گیا ۔

جن شعبہ جات میں اوپن میرٹ پر داخلے ہورہے ہیں وہاں بھی شفافیت کو مد نظر رکھا جاتا ہے۔ کراچی ،بیرون کراچی یا دیہی سندھ پر یکساں اس کا اطلاق ہوتا ہے۔حقیقت یہ ہے کہ کراچی یونیورسٹی ملک کی واحد یونیورسٹی ہے جہاں چاروں صوبے سے حصول علم کے لئے طلبہ آتے ہیں جو آج بڑے بڑے مناصب پر فائز ہیں۔

(جاری ہے)

موجودہ وائس چانسلر پروفیسر ڈاکٹر محمد قیصر نے گذشتہ دو سال سے ٹیسٹ لینے کا نظام اس لئے وضع کیا کہ کسی بھی طالب علم کی حق تلفی نہ ہو،ہرطالب علم کو ٹرانسپرنٹ داخلہ پالیسی کے ذریعہ ایڈمیشن دیئے جائیں ۔

اس ضمن میں متعدد اہم اقدامات کئے گئے۔تمام شعبہ جات میں داخلہ فہرست آویزاں کی جاتی ہے جو جامعہ کراچی کی ویب سائٹ پر بھی اَپ لوڈ کردی جاتی ہے ۔اگر کسی طالب علم / شاگرد کو کوئی اعتراض ہوتو وہ کلیم فارم (Claim form )جمع کراسکتا ہے۔واضح رہے کہ جامعہ کراچی نے خصوصی نشستوں میں 100% فیصد اضافہ کیا ہے۔پچھلے سال سندھ اور بلوچستان سے جتنے امیدواروں نے داخلے کے لئے درخواستیں دیں ان سب کو داخلہ دیاگیا۔ٹیسٹ پاس نہ کرنے کی صور ت میں کسی بھی امیدوار کو داخلہ نہیں دیا جاسکتا ۔واضح رہے کہ داخلہ ٹیسٹ والے شعبہ جات میں صرف ٹیسٹ میں کامیاب ہونے والے امیدواروں کو ہی داخلہ دیا جائیگا۔

متعلقہ عنوان :