پاکستان میں 10 فیصد لوگ دانت صاف نہیں کرتے ہیں،ڈاکٹر محمد رفیق موسی ،

تقریبا 36 فیصد لوگ روزآنہ ، 54فیصد لوگ ہفتے یا مہینے میں ایک بار دانتوں کی صفائی کرتے ہیں،سیمینار سے خطاب

جمعرات 4 دسمبر 2014 21:18

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء) پاکستان میں 10 فیصد لوگ دانت صاف نہیں کرتے ہیں، تقریبا 36 فیصد لوگ روزآنہ جبکہ 54فیصد لوگ ہفتے یا مہینے میں ایک بار دانتوں کی صفائی کرتے ہیں، دانت، مسوڑوں اور منہ کی صحت (Oral Health) کا دیگر جسمانی صحت سے تعلق انتہائی گہرا ہے، دانتوں میں کیڑے لگنے سے مسوڑوں سے خون رستا ہے، تمباکو نوشی اور پان، چھالیہ، تمباکو اورگوٹکے کا استعمال منہ کے سرطان جیسے مہلک امراض کا سبب بنتا ہے، نامناسب حفظانِ صحت دراصل دانت کشی اور مسوڑوں کے امراض جیسے منہ کے انفیکشن کو جنم دیتا ہے، معالج سے متواتر دانتوں کا معائنہ اور دانتوں کی صفائی منہ کی صحت کے لئے بنیادی احتیاط ہے۔

یہ بات بقائی میڈیکل یونیورسٹی کراچی کے اسسٹنٹ پروفیسر اور دانتوں کے امراض کے ماہرِ ڈاکٹر محمد رفیق موسی نے ڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی)، بین الاقوامی مرکز برائے کیمیائی و حیاتیاتی علوم (آئی سی سی بی ایس)، جامعہ کراچی میں22 ویں عوامی آگاہی سیمینار کے تحت ”منہ کی صحت ، کے موضوع پراپنے خطاب کے دوران کہی۔

(جاری ہے)

لیکچر کا انعقادڈاکٹر پنجوانی سینٹر برائے مالیکیو لر میڈیسن اور ڈرگ ریسرچ (پی سی ایم ڈی) جامعہ کراچی اور ورچوٴل ایجوکیشنل پروگرام برائے پاکستان کے باہمی تعاون سے ہوا، اساتذہ، صحت کے ماہرین، طلبہ و طالبات، محققین، این جی اوز کے نمائندگان اور عام لوگوں نے خطاب میں خصوصی شرکت کی۔ ڈاکٹر محمد رفیق موسی نے کہا کہ دندان انسان کے اہم اعضاء میں شمار کیے جاتے ہیں، ان کا کام نہ صرف غذا چبانے اور تقریر و گفتگو کے لئے اہم ہے بلکہ انسانی چہرے کی خوبصورتی میں بھی کلیدی ہے،دانتوں میں کیڑا (Plaque) ایک نقصان دہ بیکٹریا ہوتا ہے جو دانتوں اور مسوڑوں کے درمیان پیدا ہوتا ہے، اس کا وقت پر علاج منہ کی صحت کے لئے ضروری ہوتا ہے، انھوں نے کہا دندان کشی، دانتوں کا کمزور ہوکر حرکت کرنا، منہ کی بد بو، درد اور حساسیت، سوجن، خون رسنا، دانتوں کی عدم موجودگی اور ان کا بے رنگ ہونا دورِ حاضر میں منہ کے اہم امراض ہیں، انھوں نے کہا تمباکو نوشی اور پان، چھالیہ، گٹکے اور تماکو کا استعمال منہ کے سرطان جیسے خطر ناک امراض کا سبب ہوتے ہیں، انھوں نے شہریوں کو مشورہ دیتے ہوئے کہا کہ دندان کی بہتر صحت کے لئے اپنے ماہرِ دندان سے معائنہ کے لئے متواتر رابطہ کرنا چاہیے، دن میں دو مرتبہ صبح ناشتے سے پہلے اور رات کو سونے سے پیلے دانتوں کی صفائی صحت مند رہنے کے لئے ضروری ہے جبکہ کھانے کے بعد دانتوں کو ڈینٹل فلاس کے ذریعے صاف کرنا اور شکر کا کم استعمال بھی بہتر احتیاظی تدابیر میں شامل ہے۔

متعلقہ عنوان :