اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی

2 دنوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے

muhammad ali محمد علی منگل 30 اپریل 2024 20:04

اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی
کراچی ( اردوپوائنٹ اخبارتازہ ترین ۔ 30 اپریل 2024ء) اسٹاک مارکیٹ میں مسلسل دوسرے دن بدترین مندی، 2 دنوں میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں بدترین مندی کے باعث سرمایہ کاروں کے کھربوں روپے ڈوب گئے۔ تفصیلات کے مطابق آئی ایم ایف کی جانب سے پاکستان کیلئے قرضے کی قسط جاری کر دیے جانے کے باوجود پاکستان اسٹاک مارکیٹ منگل کے روز بدترین مندی کی لپیٹ میں رہی۔

مندی کے سبب 64 فیصد حصص کی قیمتیں گرگئیں جبکہ سرمایہ کاروں کے 1کھرب 24ارب 70کروڑ 59لاکھ 67ہزار 729روپے ڈوب گئے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق شرح سود میں کمی نہ کیے جانے اور وزیر اعظم شہباز شریف کے دورہ سعودی عرب کے دوران پاکستان میں سعودی سرمایہ کاری کے حوالے سے کوئی معاہدہ نہ ہونے کے عوام کی وجہ سے منگل کو اسٹاک مارکیٹ میں سرمایہ کاروں نے منافع نکالنے کو ترجیح دی۔

(جاری ہے)

منگل کو دوران ٹریڈنگ منافع نکالنے کا رجحان غالب رہا، اسی باعث کاروباری سیشن کے اختتام پر پاکستان اسٹاک ایکسچینج کا 100 انڈیکس 592.49 پوائنٹس کی کمی سے 71102.55 پوائنٹس کی سطح پر بند ہوا۔ کاروباری حجم پیر کی نسبت 9فیصد کم رہا اور مجموعی طور پر 56کروڑ 5لاکھ 52ہزار 783 حصص کے سودے ہوئے۔ کاروباری سیشن کے دوران چھائی رہنے والی مندی کے باعث صرف ایک دن میں سرمایہ کاروں کے 1کھرب 24ارب 70کروڑ 59لاکھ 67ہزار 729روپے ڈوب گئے۔

واضح رہے کہ گزشتہ روز بھی پاکستان اسٹاک ایکسچینج کے 100 انڈیکس میں 1 ہزار سے زائد پوائنٹس کی مندی ہوئی تھی، یوں 2 کاروباری ایام میں پاکستان اسٹاک ایکسچینج کی 2 نفسیاتی حدیں گر گئیں جس کے باعث سرمایہ کاروں کو مجموعی طور پر 2 کھرب روپے سے زائد کا نقصان برداشت کرنا پڑا۔ یاد رہے کہ گزشتہ ہفتے پاکستان اسٹاک مارکیٹ کا 100 انڈیکس 73 ہزار پوائنٹس کی سطح بھی عبور کر گیا تھا۔