تھر متاثرین کی ہر ممکن مدد ، پاکستان نیوی کا دیہی مرکزِ صحت ڈپلو میں پانچ روزہ فری میڈیکل کیمپ کا قیام ، 8دسمبر تک جاری رہے گا

جمعرات 4 دسمبر 2014 21:19

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 04 دسمبر 2014ء ) ضلع تھر کے متاثرین کی ہر ممکن مدد کرنے کے مقصد کے تحت اور ان سے اظہار ہمدردی کے لئے پاکستان نیوی نے جمعرات کو دیہی مرکزِ صحت ڈپلو میں پانچ روزہ فری میڈیکل کیمپ قائم کیاہے جو 8دسمبر تک جاری رہے گا ۔پیرا میڈیکل سٹاف اورگائنا کالوجسٹ، ڈینٹل سرجن، سرجیکل، میڈیکل، آئی ، سکن، ای این ٹی اور چائلڈ سپشلسٹ پر مشتمل ڈاکٹروں کی ٹیم جنرل ہیلتھ کیئر، کان ناک گلے،جلد کی بیماریوں،دانت کی بیماریوں، گائناکالوجی اور بچوں کی صحت کے سلسلے میں طبی علاج کی سہولیات فراہم کرے گی۔

مرض کی مکمل تشخیص کے لئے خون کے ٹیسٹ، الٹرا ساؤنڈ اور ایکسرے کی لیبارٹری بھی قائم کی گئی ہے۔مریضوں کے علاج اور انہیں مفت ادویات کی فراہمی کے ساتھ ساتھ چھوٹے آپریشنز بھی کئے جائیں گے۔

(جاری ہے)

طبی سہولیات کی فراہمی کے علاوہ مقامی آبادی کو صحت ،بیماریوں سے بچاؤ، بچوں کی صحت کی حفاظت، اُصولِ صحت اور رہائشی علاقوں کی صفائی کے بارے میں آگاہی کی فراہی بھی میڈیکل کیمپ کے قیام کے مقاصد میں شامل ہے۔

بچوں میں غذائی کمی اور قابل علاج معذوریوں کے بارے میں اساتذہ اور والدین کو ہدایات دینے کے ساتھ ساتھ سکول کے بچوں کا طبی معائنہ بھی کیا جائے گا۔ میڈیکل کیمپ کے قیام کا مقصد صحت کی سہولیات کی فراہمی کے نظام میں مزید بہتری کے لئے سول میڈیکل اتھارٹیز کی مدد کرنا بھی ہے۔کمانڈر کوسٹ ریئر ایڈ مرل سید بشیر احمد نے کیمپ کے دورے کے دوران فر ا ہم کی جا نے والی طبی سہولیات کا جائزہ لیا اور انتظامات پر اطمینان کا اظہار کیا۔کمانڈر کوسٹ نے کیمپ میں موجود مریضوں سے ملاقات کے دوران انہیں یقین دلایا کہ پاکستان نیوی تھر کے متاثرین کو درپیش مشکلات کا بھر پور احساس رکھتی ہے اورجذبہ انسانیت کے تحت انہیں ہر قسم کی طبی امداد فراہم کرنے کے لئے پرُ عزم ہے۔

متعلقہ عنوان :