12دسمبر کو ہمارے پر امن احتجاج کو روکنے والے شرمندہ ہونگے ،نادر اکمل لغاری

جمعہ 5 دسمبر 2014 17:47

کراچی (اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 05 دسمبر 2014ء) پاکستان تحریک انصاف سندھ کے صدر سردار نادر اکمل خان لغاری نے کہا ہے کہ 12دسمبر کو ہمارے پر امن احتجاج کو روکنے والے شرمندہ ہونگے ، عمران خان کی کال پر کراچی کے لاکھوں ووٹر، سپورٹر اور کارکن خود احتجاج کو کامیاب بنانے کے لیے موجود ہونگے۔ حکومت احتجاج کو ناکام بنانے کے بجائے شرپسندوں کے عزائم کو ناکام بنائے ۔

وہ گزشتہ رووز مرکزی اور صوبائی عہدیداروں کے اہم اجلاس سے خطاب کررہے تھے جس میں 12دسمبر کی حکمت عملی پر تفصیلی غور کیا گیا ۔ اجلاس میں مرکزی رہنما عمران اسماعیل ، سیف الرحمن ، کراچی کے صدر نجیب ہارون، اراکین سندھ اسمبلی ثمر علی خان ، حفیظ الدین ، سیکرٹری اطلاعات سندھ جمال صدیقی ، کراچی کمیٹی کے رکن سبحان علی ساحل، احسن جبار، حسن قادری بھائی اور دیگر بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

نادر اکمل لغاری نے کہا کہ 12دسمبر کا اپر امن احتجاج عوام کی طاقت سے کامیاب ہوگا تاہم ٹرانسپورٹر اور تاجروں سے بھی ایک دن کے لیے سرگرمیاں معطل کرنے کی اپیل کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ پر امن احتجاج اور دھرنوں سے شاہراہوں کو بند کرینگے جو انصاف کے حصول کے لیے حکومت کے خلاف ہمارا جمہوری حق ہے ، حکومت ہمارے خلاف ریاستی مشینری استعمال کی خواہش کے بجائے شرپسند عناصر پر نظر رکھیں جو احتجاج کی آڑ میں شرپسندی کر کے ہمارے پر امن امیج کو خراب کرنے کے خواہاں ہیں ۔

اس موقع پر کراچی کے صدر نجیب ہارون نے کہا کہ 12دسمبر کو لاکھوں لوگ بشمول خواتین ، بچے ، بزرگ سڑکوں پر ہونگے ہمارے پر امن دھرنے کو سبوتاژ کرنے کی کوشش کرنے والے ناکام ہونگے ۔ انہوں نے شرپسندی کی اطلاعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے اہلیان کراچی سے اپیل کی کہ ٹرانسپورٹر، تاجر ، وکلاء ، طلباء اور تمام شعبوں سے وابستہ لوگ ایک دن کے لیے اپنی سرگرمیاں معطل رکھیں ۔

متعلقہ عنوان :