ایرانی کمپنیاں سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں ، ایرانی تاجر پاکستان سے چاول ، گندم اور گوشت درآمد کرنا چاہتے ہیں ، ایران مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور برادرانہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں ،

ایران کے سفیر رسول اسلامی کی وزیراعلیٰ سندھ سے ملاقات میں گفتگو ، برادرانہ تعلقات کے فروغ اور تجارت کے حجم میں اضافے پر اتفاق

ہفتہ 6 دسمبر 2014 23:24

کراچی ( اُردو پوائنٹ تاز ترین اخبار۔ 06 دسمبر 2014ء) ایران کے سفیر رسول اسلامی نے کہاہے کہ مختلف ایرانی کمپنیاں سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں ، ایران کے تاجر پاکستان سے چاول ، گندم اور گوشت درآمد کرنا چاہتے ہیں اور ایران کی حکومت انکی حوصلہ افزائی کر رہی ہے، ہم مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور برادرانہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں۔

وہ ہفتہ کو یہاں وزیراعلیٰ ہاؤس میں وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ملاقات کے دوران گفتگو کررہے تھے ۔اس دوران دونوں کے درمیان کراچی اور تہران کے چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے ذریعے سرمایہ کاری میں اضافہ اور برادرانہ تعلقات کے فروغ اور تجارت کے حجم میں اضافے پر اتفاق کیا گیا ۔ اس موقع پر کراچی میں متعین ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی بھی موجود تھے ۔

(جاری ہے)

وزیر اعلیٰ سندھ نے کہا کہ صوبہ سندھ میں معیاری اور اچھے چاول پیدا ہوتے ہیں اور ہم ایران سے اپنی ضروریات کے مطابق انرجی درآمد کرکے اور ایران کے ساتھ برآمد میں اضافہ کے ذریعے تجارت کو مزید فروغ دے سکتے ہیں اسی طرح صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری باالخصوص انرجی کے شعبے میں سرمایہ کاری کے وسیع مواقعے موجود ہیں انہوں نے ایرانی سرمایہ کاروں کو دعوت دی کے وہ سندھ حکومت کی جانب سے سرمایہ کاروں کو فراہم کردہ زمین اور دیگر سہولیات سے فائدہ اٹھائیں۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے پاس 40سے 45کلومیٹر طویل ونڈ کوریڈور ہے جہاں پر پاک ایران ونڈ پاور لمیٹیڈ پہلے ہی 50میگا واٹ کے ونڈ پاور پروجیکٹ پر کام کر رہی ہے مگر ہم دیگر ایرانی سرمایہ کاروں کو ونڈ انرجی کے شعبے میں زیادہ سرمایہ کاری کے لئے مزید زمین الاٹ کرنے کے خواہاں ہیں۔ ایران کی حکومت کے تعاون اور ایران کے قونصل جنرل مہدی سبحانی کی صحت اور تعلیم کے شعبے میں خدمات کو سراہاتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ نے کہا کہ دونوں ممالک کے لوگوں کے معاشی اور سماجی شعبے میں مفادات کو دیکھتے ہوئے مزید باہمی تعاون کی ضرورت ہے ۔

وزیراعلیٰ سندھ نے کہا کہ ہمارے ایران کے ساتھ تاریخی ، قریبی ، برادرانہ تعلقات ہیں اور انہوں نے کہا کہ ہمارے یہ برادرانہ تعلقات مستقبل میں مزید مستحکم ہونگے۔ اسلامی جمہوریہ ایران کے سفیر رسول اسلامی نے اس موقع پر بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ وہ اور انکے ملک کے لوگ پاکستان باالخصوص صوبہ سندھ کے لوگوں کو اپنا بھائی تصور کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مختلف ایرانی کمپنیاں صوبہ سندھ میں سرمایہ کاری کی خواہاں ہیں جبکہ ایران کے تاجر حضرات پاکستان سے چاول ، گندم اور گوشت درآمد کرنا چاہتے ہیں اور ایران کی حکومت انکی حوصلہ افزائی کر رہی ہے۔

انہوں نے کہا کہ ہم مختلف شعبوں میں باہمی تعاون اور برادرانہ تجارت کے حجم میں اضافے کے خواہاں ہیں۔ ایران کے سفیر نے ماضی میں بے نظیر بھٹو سے ہونے والی ملاقات کا حوالہ دیتے ہوئے انکی سیاسی خدمات اور انکی ایران کے لوگوں کے لئے شہید محترمہ بے نظیر بھٹو کے جذبات کو سراہاتے ہوئے انہیں خراج عقیدت پیش کیا ۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ساتھ بہتر تعلقات کے باعث انکی حکومت نے پاکستان کے ساتھ گیس پائپ لائن کا معاہدہ کیا تھا ا نہوں نے امید ظاہر کی کہ مستقبل میں دونوں ممالک کے درمیان تعلقات مزید فروغ پائیں گے ۔ اس موقع پر وزیراعلیٰ سندھ کے پرنسپل سیکریٹری علم الدین بلو بھی موجود تھے۔

متعلقہ عنوان :